سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑھتی دہشت گردی کے تناظر میں پاک فوج کے کردار پر ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی گفتگو ہونی چاہیے، شہدا کی قربانیاں پوری قوم کا مشترکہ سرمایہ ہے اور ان پر سیاست کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی، بھارت کی خفیہ ایجنسی "را” پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہی ہے جبکہ پوری قوم …
شہدا کی قربانیوں پر سیاست ناقابلِ قبول ، قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ملک محمد احمد خان

مزید خبریں
لاہور۔19جولائی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑھتی دہشت گردی کے تناظر میں پاک فوج کے کردار پر ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی گفتگو ہونی چاہیے، شہدا کی قربانیاں پوری قوم کا مشترکہ سرمایہ ہے اور ان پر سیاست کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی، بھارت کی خفیہ ایجنسی "را” پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہی ہے جبکہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہارسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے لاہور کے نجی ہوٹل میں "پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی: پاکستان آرمی کا کردار اور اہمیت” کے موضوع پر منعقدہ خصوصی سیمینار میں کیا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے فوج کے سیاسی کردار سے متعلق جو گفتگو کی اس پر بحث ہونی چاہیے، وہ ماضی میں شہدا کو قومی اثاثہ قرار دیتے رہے ہیں اس لیے ان کے حالیہ بیان پر حیرت ہوئی اور انہیں اس حوالے سے اپنے موقف پر نظرثانی کرنی چاہیے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ سے زائد جانوں کی قربانیاں دے چکا ہےاس لیے دہشت گردوں سے متعلق کسی بھی بحث میں قومی مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور سیاسی استحکام پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گرد تنظیموں کو مالی اور دیگر معاونت فراہم کر رہا ہے تاکہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچایا جا سکے، تاہم پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاک فوج کا نام آتے ہی پوری قوم احترام سے کھڑی ہو جاتی ہے کیونکہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سیمینار سے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف چار دہائیوں پر محیط جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہے۔سیمینار سے ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان، سینئر صحافی رئیس انصاری، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے دہشت گردی کے خاتمے، شہدا کی قربانیوں کے اعتراف اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔







