پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے شہیدجمہوریت، دختر مشرق بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر جنوبی پنجاب کی تمام تنظیموں اور الائیڈ ونگز کے عہدیداران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 21جون کو جنوبی پنجاب بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات محرم الحرام کے تقدس اور احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی سادگی، وقار …
شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ عقیدت، احترام اور دعاوں کے ساتھ منائی جائے گی، مخدوم سید احمد محمود

مزید خبریں
لاہور۔18جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے شہیدجمہوریت، دختر مشرق بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر جنوبی پنجاب کی تمام تنظیموں اور الائیڈ ونگز کے عہدیداران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 21جون کو جنوبی پنجاب بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات محرم الحرام کے تقدس اور احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی سادگی، وقار اور روحانی جذبے کے ساتھ منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو ایک عظیم سیاسی رہنما ہی نہیں بلکہ پاکستان میں جمہوری اقدار، عوامی حقوق اور قومی یکجہتی کی ایک روشن علامت تھیں۔ انہوں نے آمریت کے اندھیروں میں جمہوریت کی شمع روشن رکھی، خواتین کو بااختیار بنایا، نوجوانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا اور محروم و پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔مخدوم سید احمد محمود نے ہدایت کی کہ تمام ڈویژنل، ضلعی، سٹی اور تحصیل سطح کی تنظیمیں، بشمول تمام الائیڈ ونگز، اپنے دفاتر اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کریں۔ روایتی سالگرہ کی تقریبات اور کیک کاٹنے کی رسم کے بجائے قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا جائے، جن میں شہید بینظیر بھٹو کے ایصالِ ثواب، وطن عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی استحکام کے لیے دعا کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہیدبینظیر بھٹو نے جمہوریت، عوامی حاکمیت اور پاکستان کے روشن مستقبل کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں ایک ایسا درخشاں باب رقم کیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی قربانیاں، بصیرت، جرت اور عوام سے لازوال محبت آج بھی قوم اور بالخصوص پارٹی کارکنان کے لیے مشعل راہ ہیں۔مخدوم سید احمد محمود نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ شہیدبینظیر بھٹو کے نظریات، جمہوری فکر اور عوامی خدمت کے فلسفے کو نئی نسل تک منتقل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ان کی عظیم سیاسی اور فکری میراث ہمیشہ زندہ و تابندہ رہے۔








