اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان کے سابق سیکریٹری خارجہ اور ڈویلپنگ ایٹ آرگنائزیشن (ڈی-ایٹ) کے نامزد سیکریٹری جنرل سہیل محمود نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔صدر مملکت نے سفیر سہیل محمود کو سیکریٹری جنرل ڈی-ایٹ کے عہدے پر تقرری پر مبارکباد دی۔جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے …
صدر آصف علی زرداری سے ڈویلپنگ ایٹ آرگنائزیشن کے نامزد سیکریٹری جنرل سہیل محمود کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان کے سابق سیکریٹری خارجہ اور ڈویلپنگ ایٹ آرگنائزیشن (ڈی-ایٹ) کے نامزد سیکریٹری جنرل سہیل محمود نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔صدر مملکت نے سفیر سہیل محمود کو سیکریٹری جنرل ڈی-ایٹ کے عہدے پر تقرری پر مبارکباد دی۔جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے کہ ایک تجربہ کار پاکستانی سفارتکار ڈی-ایٹ تنظیم کی قیادت سنبھال رہا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سہیل محمود کا تجربہ اور بصیرت ڈی-ایٹ کو مضبوط بنانے اور آئندہ برسوں میں اس کی افادیت بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔
سفیر سہیل محمود نے صدر مملکت کو اپنی نئی ذمہ داریوں کے بارے میں بریفنگ دی اور ڈی-ایٹ کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے اپنا وژن پیش کیا۔ انہوں نے تنظیم کی اس صلاحیت کو اجاگر کیا کہ وہ اپنے متنوع اراکین کے درمیان معاشی ترقی اور اجتماعی پیش رفت کو فروغ دے سکتی ہے۔صدر مملکت نے بطور بانی رکن ڈی-ایٹ کے ساتھ پاکستان کے مسلسل عزم کا اعادہ کیا اور ڈی-ایٹ عشرہ جاتی روڈ میپ 2020–2030 کے موثر نفاذ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طے شدہ فریم ورک بالخصوص ترجیحی شعبوں جن میں تجارت، زراعت، توانائی، صنعت، ٹرانسپورٹ اور سیاحت شامل ہیں، کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈی-ایٹ کے ترجیحی تجارتی معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ڈی-ایٹ کے اندر کم سطح کی باہمی تجارت اس معاہدے کے مکمل نفاذ کی فوری ضرورت کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے ڈی-ایٹ پی ٹی اے کے تنازعات کے حل کے طریقہ کار سے متعلق پروٹوکول پر دستخط کو تجارتی رکاوٹوں کے ازالے اور رکن ممالک کے درمیان معاشی تعاون مضبوط بنانے کی سمت ایک مثبت قدم قرار دیا۔صدر مملکت نے ڈی-ایٹ کے اندر عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ ثقافتی اور تاریخی تعلقات مزید گہرے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات تنظیم کی طویل المدتی موثریت کے لیے ناگزیر ہیں اور امید ظاہر کی کہ سفیر سہیل محمود ڈی-ایٹ کو عصری عالمی معیار کے مطابق ہم آہنگ کرنے اور رکن ممالک کی منصفانہ نمائندگی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کریں گے۔صدر مملکت نے سفیر سہیل محمود کے لیے نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کی نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ ڈی ایٹ کے مقاصد کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قومی مفادات کا بھی بھرپور تحفظ کریں گے۔ملاقات میں سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں۔








