صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ایرانی پارلیمانی وفد کی ملاقات، پاکستان اور ایران برادر ملک ہیں، دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، ایرانی سپیکر محمد باقر قالیباف

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):پاکستان کے دورہ پر آئے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ایرانی سفیر رضا امیر مقدم، نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل اور …

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):پاکستان کے دورہ پر آئے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ایرانی سفیر رضا امیر مقدم، نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے، اقتصادی روابط کے فروغ اور تجارت میں وسعت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور ان کے وفد کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ مذہب، ثقافت اور بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک صرف ہمسائے نہیں بلکہ مشترکہ مقصد اور منزل کے حامل برادر ممالک ہیں۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی ایرانی سرمایہ کاروں کو ملک میں خوش آمدید کہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے راستے تلاش کرنے چاہئیں تاکہ خطے میں اقتصادی ترقی اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو باہمی تجارت کے تمام شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھولنے کی ضرورت ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کو برادر اور قابل اعتماد ہمسایہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے دوران دوٹوک موقف اختیار کر کے ایران کا بھرپور ساتھ دیا جسے ایرانی عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ایرانی سپیکر نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے، دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں جنہیں باہمی تعاون اور یکجہتی سے حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی ترقی اور باہمی تعاون کے لیے پرعزم ہے۔محمد باقر قالیباف نے کہا کہ میڈیکل، توانائی، بینکنگ، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور دونوں ممالک کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔