صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے لواحقین سے ٹیلیفونک رابطہ ،اظہار تعزیت

عارف علوی

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے لواحقین سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔

ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے شمالی وزیرستان میں 23 مئی کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہداء کے لواحقین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا۔

صدر نے سپاہی رحیم گل اور سپاہی ظہور کے ورثاء سے ٹیلی فون پر اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے 19 مئی کو جنوبی وزیرستان میں دھماکے میں شہید ہونے والے حوالدار محمد سنور کے اہل خانہ سے بھی بات کی۔

صدر مملکت نے پاک فوج کے شہداء کو وطن پر جان نچھاور کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔