صوبائی وزیر امجد علی کی زیر صدارت مختلف محکموں کا اہم جائزہ اجلاس، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

"صوبائی وزیر امجد علی کی زیر صدارت اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ، عوامی خدمت کے منصوبوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کرنے پر زور۔”

پشاور۔ 06 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت سوات میں مختلف سرکاری محکموں کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ صحت، ٹی ایم اے، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی سکیموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، مکمل شدہ اور زیرِ تعمیر منصوبوں سمیت آئندہ کے اہداف پر مشتمل تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کے لیے پوری دیانت داری، شفافیت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر امجد علی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں، عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، محکموں کے درمیان باہمی رابطہ مضبوط کیا جائے اور منصوبوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر، غفلت یا ناقص معیار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور متعلقہ محکمے عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھیں۔ اجلاس کے اختتام پر مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے، معیار برقرار رکھنے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

مزید خبریں