عبدالستار ایدھی جیسی انسان دوست اور خدمت خلق کی داعی شخصیت بلا شبہ قوم کے لیے باعث فخر اور قومی اثاثہ ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نوجوان نسل کےلئے قابل تقلید ہیں جنہوں نے ثابت کیا کہ ہر شخص اپنے تئیں معاشرتی اصلاح میں تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نوجوان نسل کے لئے قابل تقلید ہیں جنہوں نے ثابت کیا کہ ہر شخص اپنے تئیں معاشرتی اصلاح میں تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے، عبدالستار ایدھی جیسی انسان دوست اور خدمت خلق کی داعی شخصیت بلا شبہ قوم کے لیے باعث فخر اور قومی اثاثہ ہے۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق معروف فلاحی و سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی جو آج بدھ کو منائی جارہی ہے ، کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے عبدالستار ایدھی کی گراں قدر قومی و فلاحی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ رفاہ عامہ کے پر خلوص جذبے سے سر شار عبدالستار ایدھی نے مسائل کے حل کے سماجی پہلوؤں کو اجاگر کیا ، ان کی بیش قدر خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا غیر معمولی حصہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لئے قابل تقلید ہیں انہوں نے ثابت کیا کہ ہر شخص اپنے تئیں معاشرتی اصلاح میں تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی عوامی خدمات معاشرے میں احساس، رواداری، باہمی آہنگی جیسی مثبت اقدار کے فروغ میں نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔ وزیر اعظم نے عبدالستار ایدھی کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

مزید خبریں