فیفا ورلڈکپ 2026، ارجنٹائن ٹاپ 16 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد مصر کو 2-3 سے ہرا کرکوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے مصر کو ورلڈ کپ کے ٹاپ 16 راؤنڈ میچ میں انتہائی سنسنی خیز اور یادگار مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

اٹلانٹا۔8جولائی (اے پی پی):دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے مصر کو ورلڈ کپ کے ٹاپ 16 راؤنڈ میچ میں انتہائی سنسنی خیز اور یادگار مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔کرسچن رومیرو،کپتان لیونل میسی اور اینزو فرنانڈیزنے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ مصر کی جانب سے یاسر ابراہیم اور مصطفیٰ زیکو نے ایک، ایک گول سکور کیا۔ای ایس پی این کے مطابق امریکا کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں فیفاورلڈکپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میچ میں ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کرنے والی مصری ٹیم نے جرات مندانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کے 15 ویں منٹ میں یاسر ابراہیم کے ہیڈر گول کی بدولت برتری حاصل کر لی۔ میچ کے 19 ویں منٹ میں ارجنٹائن کو پنالٹی کک ملی لیکن سٹار فٹبالر لیونل میسی مصری گول کیپر مصطفیٰ شوبیر کو چکما نہ دے سکے اور ان کی ہٹ روک دی گئی۔دوسرے ہاف کے 67 ویں منٹ میں مصر کے مصطفیٰ زیکو نے کاؤنٹر اٹیک پر شاندار گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو 0-2 کر دیا، جس کے بعد ارجنٹائن پر شکست کے بادل منڈلانے لگے۔ تاہم، ارجنٹائن نے یہاں سے میچ کا پسا پلٹ دیا، پہلے کرسٹین رومیرو نے بہترین ہیڈر کے ذریعے پہلا گول داغ کر امید جگائی اور پھر لیونل میسی نے ڈی باکس کے اندر گھمسان کے مقابلے کے بعد گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔ میچ کے اضافی وقت (اسٹاپج ٹائم) میں اینزو فرنانڈیز نے کاؤنٹر اٹیک پر فیصلہ کن گول سکور کر کے ارجنٹائن کی فتح پر مہر لگا دی۔ واضح رہے کہ کوارٹر فائنل میں اب ارجنٹائن کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ یا کولمبیا کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔

مزید خبریں