علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک میں تحقیقی کلچر کے فروغ اور باصلاحیت نوجوان محققین کی حوصلہ افزائی کے لیے پی ایچ ڈی طلبہ کے لیے میرٹ بیسڈ مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستحق اور قابل طلبہ کو مالی مشکلات سے بے نیاز کرتے ہوئے عالمی معیار کی تحقیق کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی طلبہ کے لیے میرٹ بیسڈ مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام متعارف

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک میں تحقیقی کلچر کے فروغ اور باصلاحیت نوجوان محققین کی حوصلہ افزائی کے لیے پی ایچ ڈی طلبہ کے لیے میرٹ بیسڈ مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستحق اور قابل طلبہ کو مالی مشکلات سے بے نیاز کرتے ہوئے عالمی معیار کی تحقیق کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔اس پروگرام کے تحت منتخب پی ایچ ڈی سکالرز کو ماہانہ وظیفہ، مکمل ٹیوشن فیس اوریونیورسٹی کی پالیسی کے مطابق دیگر منظور شدہ تعلیمی و تحقیقی اخراجات کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ معیاری تحقیق اور علمی سرگرمیوں پر مرکوز رکھ سکیں۔
اسکالرشپ پروگرام کے تحت سکالرز کو تدریسی، تحقیقی اور دیگر علمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے جس سے انہیں عملی تدریسی تجربہ، تحقیقی مہارت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع ملے گا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر کا فروغ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط تحقیقی بنیاد ہی کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی، اختراع اور علم پر مبنی معیشت کی ضامن ہوتی ہے، اسی لیے یونیورسٹی نوجوان محققین کو ہر ممکن سہولت اور سازگار تحقیقی ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام نوجوان محققین کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ انہیں قومی ترقی، سماجی مسائل کے حل، جدید سائنسی تحقیق اور اختراع کے میدان میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کا عزم ہے کہ تحقیق کے معیار کو بین الاقوامی سطح تک پہنچایا جائے اور نوجوان سکالرز کو عالمی تحقیقی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے خواہشمند طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس بہترین موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام کے لیے درخواست دیں اور معیاری تحقیق کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام، اہلیت کے معیار اور درخواست جمع کرانے کی تفصیلات علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر دستیاب ہیں۔







