اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کر کے دوبارہ اقتدار میں آئے گی، آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے …
عوام نے تحریک انصاف کو 5 سال کا مینڈیٹ دیاہے، ذوالفقار بخاری

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کر کے دوبارہ اقتدار میں آئے گی، آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں، حکومت مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالے گی، اگر مریم کو عدالت سے ریلیف ملا تو حکومت عدالتی فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کرے گی۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز نے کہا کہ مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں کیونکہ نواز شریف کے دو بیٹے پہلے ہی ان کی دیکھ بھال کے لئے وہاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف واپس نہیں آئے تو حکومت انہیں مفرور قرار دے گی اور اس سلسلے میں برطانوی حکام سے رابطہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ایماندارانہ قیادت میں ملک صحیح سمت پر گامزن ہے، وزیر اعظم اور ان کی معاشی ٹیم کی انتھک کوششوں کی وجہ سے قومی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز نے کہا کہ حکومت نے کاروباری برادری کو سہولت فراہم کی ہے اور کاروبار میں آسانی کو فروغ دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران سعودی عرب تنازعہ کے خاتمہ کیلئے کوششیں جاری ہیں، پاکستان کی کوشش ہے کہ مشرقی وسطی میں جنگ نہ ہو، پاکستان مشرق وسطی کو کسی تنازعہ یا جنگ سے بچانے کا خواہش مند ہے اور کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019ءمیں 6 لاکھ 20 ہزار افراد بیرون ملک بھیجے، 2019ءمیں افرادی قوت بیرون ملک بھیجنے میں 62 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال کے دوران 12 لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار کے لئے بھیجا جائے گا، روزگار کے لئے لوگ جاپان ، رومانیہ اور قطر جا رہے ہیں۔








