اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان ہائٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ پائیدار زرعی پیداوار کے حصول کے لیے تصدیق شدہ، بالخصوص ہائبرڈ بیجوں کا استعمال ناگزیر ہے۔ اتوار کو یہاں ترقی پسند کسانوں کے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائٹیک ہائبرڈ بیجوں کے استعمال کو فروغ دے کر ہم خوراک کی پیداوار میں اضافہ، اقتصادی ترقی اور …
غذائی تحفظ اور زرعی پیداوار میں اضافہ کے لیے تصدیق شدہ ہائبرڈ بیجوں کا استعمال ناگزیر ہے، شہزاد علی ملک
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان ہائٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ پائیدار زرعی پیداوار کے حصول کے لیے تصدیق شدہ، بالخصوص ہائبرڈ بیجوں کا استعمال ناگزیر ہے۔ اتوار کو یہاں ترقی پسند کسانوں کے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائٹیک ہائبرڈ بیجوں کے استعمال کو فروغ دے کر ہم خوراک کی پیداوار میں اضافہ، اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی لچک میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے سٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری اداروں، زرعی توسیعی خدمات فراہم کرنے والوں اور بیج تیار کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ ایسے ماحول کو فروغ دینے میں تعاون کریں جو تصدیق شدہ ہائبرڈ بیجوں کے وسیع پیمانے پر استعمال کی حوصلہ افزائی کرے کیونکہ یہ پیداوار میں اضافہ، بیماریوں کے خلاف مزاحمت اور مقامی ماحولیاتی حالات میں بہتر موافقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان بیجوں کو افزائش نسل کی جدید تکنیکوں کے ذریعے احتیاط سے تیار کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کے استعمال سے فصل کے معیار اور پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں، جہاں زراعت معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے وہاں تصدیق شدہ ہائبرڈ بیجوں کو اپنا کر ہم غذائی تحفظ اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں جبکہ اس سے کسانوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ضروری ہے کہ کسانوں میں ان بیجوں کے استعمال کے فوائد کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے۔
ایسی معاون پالیسیوں اور اقدامات کی ضرورت ہے جو کسانوں کی تصدیق شدہ بیجوں تک رسائی اور ان کی سستے داموں مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنائیں۔ شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ تصدیق شدہ بیج حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور زراعت پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔









