غیر ملکی سرمایہ کاروں کے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا، او آئی سی سی آئی سروے 2025

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے سالانہ سروے 2025 کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معیشت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 73 فیصد غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مطمئن ہیں ، یہ شرح 2023 میں 61 فیصد تھی۔ سروے رپورٹ میں کہا گیا کہ ایس …

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے سالانہ سروے 2025 کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معیشت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 73 فیصد غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مطمئن ہیں ، یہ شرح 2023 میں 61 فیصد تھی۔ سروے رپورٹ میں کہا گیا کہ ایس آئی ایف سی (اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل) کی مؤثر کاوشوں نے پاکستان میں ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔

سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور حکومتی اقدامات کے باعث پاکستان پر اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق معیشت میں استحکام، بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہونے سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ مزید برآں، مہنگائی کی شرح میں 37 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد تک آنے سے سرمایہ کاری کا رجحان مزید مضبوط ہوا ہے۔

او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الحکومتی ہم آہنگی کے لیے ایک منظم طریقہ کار فراہم کیا ہے، جس کے مثبت نتائج اب واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ سروے کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے آئی ٹی، زراعت، توانائی، فارماسیوٹیکل اور برآمدی صنعت کو سرمایہ کاری کے لیے سب سے پرکشش شعبے قرار دیا ہے۔ ماہرین نے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد ملکی معیشت کو مزید استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔

 

مزید خبریں