فرانس کے بین الاقوامی شہرہ آفاق فٹ بالر اور کپتان کیلین ایمباپے نے ارجنٹائن کے مایہ ناز فٹ بالر اور کپتان لیونل میسی کا 21 گولز کا عالمی ریکارڈ توڑ کر فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے
فرانسیسی سٹار کیلین ایمباپے ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے کامیاب گول سکورر بن گئے، مائیکل اولیسے کا بھی نیا عالمی ریکارڈ

مزید خبریں
میامی۔19جولائی (اے پی پی):فرانس کے بین الاقوامی شہرہ آفاق فٹ بالر اور کپتان کیلین ایمباپے نے ارجنٹائن کے مایہ ناز فٹ بالر اور کپتان لیونل میسی کا 21 گولز کا عالمی ریکارڈ توڑ کر فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، تاہم اس تاریخی موقع پر فرانس کو تیسری پوزیشن کے پلے آف میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 4-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔شنہوا کے مطابق کیلین ایمباپے نے اس سنسنی خیز مقابلے میں 2 شاندار گول سکور کر کے ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 22 کر دی ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ رواں ٹورنامنٹ میں 10 گولز کے ساتھ گولڈن بوٹ کی ریس میں بھی لیونل میسی پر 2 گولز کی برتری حاصل کر کے سب سے آگے نکل گئے ہیں جو ان کے دنیا کا سب سے مہلک سٹرائیکر ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس یادگار میچ میں فرانس کے مائیکل اولیسے نے بھی 2 گولز میں معاونت فراہم کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، وہ اب ایک ہی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 7 گولز اسسٹ کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں اور انہوں نے برازیل کے لیجنڈری فٹ بالر پیلے کا ایک ورلڈ کپ میں 6 گولز اسسٹ کرنے کا دیرینہ ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ کیلین ایمباپے اور مائیکل اولیسے کی ان شاندار انفرادی کامیابیوں کے باوجود فرانسیسی ٹیم انگلینڈ کے مضبوط حملوں کو روکنے میں ناکام رہی اور چوتھی پوزیشن پر ٹورنامنٹ کا اختتام کیا۔عالمی فٹ بال کے مبصرین کا ماننا ہے کہ کیلین ایمباپے نے جس شاندار تسلسل اور دباؤ کے باوجود دنیا کے بڑے سٹیج پر پرفارم کیا اس نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ موجودہ دور کے سب سے سحر انگیز اور ناقابلِ شکست کھلاڑی ہیں جن کے قدموں تلے اب فٹ بال کی پوری تاریخ آچکی ہے، فرانس کی چوتھی پوزیشن پر ٹورنامنٹ ختم کرنے کی مایوسی کے باوجود ایمباپے کی یہ تاریخی انفرادی کامیابی فٹ بال شائقین کے دلوں پر ہمیشہ نقش رہے گی







