فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے رہنے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، صدرمحمود عباس

غزہ۔18جولائی (اے پی پی):فلسطین کے صدر محمود عباس نے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پرسعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی صدر نے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کے نام شکریے کے الگ الگ پیغامات ارسال کیے۔ انہوں نے …

غزہ۔18جولائی (اے پی پی):فلسطین کے صدر محمود عباس نے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پرسعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی صدر نے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کے نام شکریے کے الگ الگ پیغامات ارسال کیے۔

انہوں نے جدہ سکیورٹی اینڈ ڈویلپمنٹ سمٹ ( جس میں امریکا، جی سی سی ممالک، مصر، اردن اور عراق شریک ہوئے )کے دوران فلسطینی عوام کے قومی حقوق کی حمایت جاری رکھنے اور مبنی برانصاف فلسطینی کاز کی تائید و حمایت کرنے نیز اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کو ختم کرانے کا عزم ظاہر کرنے اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنوانے کی مہم جاری رکھنے پر دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔

فلسطینی صدر نے فلسطینی کاز سے متعلق غیر متزلزل موقف کے اظہار پر جدہ سربراہی کانفرنس میں شریک برادر ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شاہ سلمان کے نام پیغام میں تحریر کیا کہ جدہ سکیورٹی اینڈ ڈویلپمنٹ سمٹ کی کامیابی پر آپ کو برادرانہ دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

فلسطینی صدر نے جدہ سربراہی کانفرنس کے نتائج اور اہم اہداف پر قدرومنزلت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کی بدولت عرب دنیا میں امن و استحکام اور معیشت مضبوط ہوگی اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کا قائدانہ کردار آگے بڑھے گا۔