فوج پورے پاکستان کی محافظ ہے،حنیف عباسی

راولپنڈی ۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر انگلی توڑ دینا ہوگی، ہماری فوج پورے پاکستان کی محافظ ہے ۔راولپنڈی کی مقامی انجمن تاجران کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے فوج کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی۔ بطور سیاستدان وہ ان کی عزت کرتے …

راولپنڈی ۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر انگلی توڑ دینا ہوگی، ہماری فوج پورے پاکستان کی محافظ ہے ۔راولپنڈی کی مقامی انجمن تاجران کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے فوج کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی۔ بطور سیاستدان وہ ان کی عزت کرتے تھے لیکن فوج کا مذاق بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے ہمیشہ ملک کے دفاع میں قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 10 مئی کی جنگ جیتنے کے بعد ملک کو سب سے زیادہ عزت ملی۔ آج جب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بیرون ملک جاتے ہیں تو دنیا پاکستان سے روابط بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری کے لیے مختلف ممالک پاکستان کا رخ کر رہے ہیں جو دفاعی شعبے میں ملک کی کامیابی کا مظہر ہے۔

انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی، ان کے بچوں پر مقدمات درج ہوئے اور ملازمتوں سے نکالا گیا لیکن انہوں نے حوصلہ نہیں ہارا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سختیاں برداشت کیں مگر کبھی شکوہ نہیں کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی کے چلڈرن اسپتال کے لیے 7 ارب روپے مختص کیے جا چکے ہیں جبکہ انہیں ایک سال تک وزارت نہ ملنے کا بھی کوئی شکوہ نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملک میں روزگار کا پہیہ چلایا جائے گا اور وہ بطور سیاستدان ہمیشہ تاجروں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔