قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات آئندہ اگست میں منعقد کیے جائیں گے، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
قازقستان میں پارلیمانی انتخابات اگست میں ہوں گے
الماتے ۔10اپریل (اے پی پی):قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات آئندہ اگست میں منعقد کیے جائیں گے، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔رائٹرز کے مطابق صد ر قاسم جومارٹ توکائیف کے مطابق حالیہ آئینی اصلاحات کے بعد یہ انتخابات نئی پارلیمانی ساخت کے تحت ہوں گے۔ مارچ میں ہونے والے ریفرنڈم میں عوام نے بھاری اکثریت سے نئے آئین کی منظوری دی تھی، جس کا مقصد پارلیمنٹ کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
نئی اصلاحات کے تحت دو ایوانی پارلیمنٹ کو ختم کر کے ایک ایوانی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جسے “کورولتائی ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس نئے ایوان میں 145 ارکان شامل ہوں گے، جو پانچ سال کے لیے منتخب کیے جائیں گے۔حکام کے مطابق موجودہ پارلیمنٹ یکم جولائی کو تحلیل ہو جائے گی، جس کے بعد نئے انتخابات کی راہ ہموار ہوگی۔ماہرین کے مطابق یہ اصلاحات قازقستان کے سیاسی نظام میں بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہیں اور آئندہ انتخابات ملک کی سیاسی سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔









