قران حکیم وہ سرچشمہ ہدایت ہے جو کامیابی کے ساتھ منزل سے ہمکنار کر تا ہے، بہترین ہیں وہ لوگ جو اس کا علم حاصل کریں اور دوسروں کو تعلیم دیں، وزیر مذہبی امورسردار محمد یوسف

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قران حکیم وہ سرچشمہ ہدایت ہے جو ہمیں کامیابی کے ساتھ منزل سے ہمکنار کر تا ہے، قرآن و سنت سے رہنمائی لے کر ہی ہم اپنے معاشرے کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں، ہر کلمہ گو پر لازم ہے کہ وہ قرآن حکیم کا علم حاصل کرے اور اس پر عمل …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قران حکیم وہ سرچشمہ ہدایت ہے جو ہمیں کامیابی کے ساتھ منزل سے ہمکنار کر تا ہے، قرآن و سنت سے رہنمائی لے کر ہی ہم اپنے معاشرے کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں، ہر کلمہ گو پر لازم ہے کہ وہ قرآن حکیم کا علم حاصل کرے اور اس پر عمل کرے۔وہ جمعرات کو یہاں وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام چالیسویں سالانہ مقابلہ برائے حفظ و قرات قرآن حکیم کی تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر مذہبی امور نے مقابلے میں انعامات و اسناد حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ تم میں سب سے بہترین ہیں وہ لوگ جو قرآن کا علم حاصل کریں اور دوسروں کو اس کی تعلیم دیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ والدین بھی خوش نصیب ہیں جن کے بچوں کو اللہ نے یہ سعادت عطا کی اور وہ اساتذہ بھی اللہ کے نزدیک بے انتہا مقبول ہیں جو قرآن حکیم کی تعلیم دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت قرآن حکیم ہی وہ کتاب ہدایت ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بچے خوش نصیب ہیں جنہوں نے اپنے دلوں کو قرآن حکیم کی روشنی سے منور کیا ، ان بچوں نے ضلع ڈویژن اور صوبائی مقابلوں کے بعد قومی مقابلہ میں حصہ لیا ۔ان کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی تلاوت روح کی پاکیزگی اور دل کی حلاوت کا نام ہے ، قرآن حکیم کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھنے کا حکم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں کا انعقاد وزارت کے لئے بھی قابل فخر ہے ، ایسے مواقع سے اخلاقی تربیت اور قومی وحدت بھی مضبوط ہوتی ہے ، یہ بچے اس امت کا حقیقی سرمایہ ہیں اور انہوں نے ہی آئندہ امت کی رہنمائی کرنی ہے، توقع ہے کہ یہ بچے بین الاقوامی مقابلوں میں بھی ملک کا نام روشن کریں گے ۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہمیں معاشرے کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنا ہے جس کے لئے ہمیں قرآن وسنت سے رہنمائی لینا ہو گی ، ہر کلمہ گو پر لازم ہے کہ قرآن حکیم کی تعلیم حاصل کرے اور اس پر عمل کرے ، قران حکیم کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی سطح پر ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام بین الاقوامی مقابلے میں دنیا کے 57 ممالک سے بچے حصہ لیں گے ، نیکی کو پھیلانا اور برائی کو روکنا اسلام کا حکم ہے ، بغیر تحقیق کے کوئی بات نہیں پھیلانی چاہئے ، معاشرے کی اصلاح کے لئے علمائے کرام کو محراب ومنبر سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ وزیر مذہبی امور نے مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں اول دوم اور سوم آنے والے بچوں اور بچیوں کو نقد انعامات اور اسناد سے نوازا ۔