قومی خزانے کو لوٹنے والوں کے خلاف نہ صرف عدالتی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی بلکہ لوٹی ہوئی قومی دولت بھی بازیاب کرائی جائے گی،معاون خصوصی علی نواز اعوان

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ جب تک قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں آتی بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کا عمل جاری رہے گا، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے احتساب کے نام پر ووٹ لئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ جب تک قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں آتی بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کا عمل جاری رہے گا، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے احتساب کے نام پر ووٹ لئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان ملک لوٹنے میں ملوث عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دیں گے، قومی خزانے کو لوٹنے والوں کے خلاف نہ صرف عدالتی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی بلکہ لوٹی ہوئی قومی دولت بھی بازیاب کرائی جائے گی۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طاقتور لوگوں کا احتساب ہو رہا ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عوام وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کو سپورٹ کر رہی ہے۔ علی نواز اعوان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھی ہیں تاہم دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی مجموعی طور پر معاشی صورتحال بہتر ہے اور وزیراعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر اعوان کے مزار قائدپر حاضری کے دوران ڈرامہ کے بارے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے اور لیگی رہنما قوم سے معافی مانگیں۔ معاون خصوصی نے ن لیگی رہنمائوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ صرف اپنے قائدین کی لوٹی ہوئی دولت کا تحفظ کرنے کیلئے ملک میں غیریقینی صورتحال اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا حکومت کا مشن ہے اور اس سلسلے میں بیرون ممالک بیٹھے ہوئے تمام مفروروں کو واپس لائیں گے۔