قومی مقابلہ حسن خطاطی ونمائش کاآغاز، خطاط مسجد نبوی استادشفیق الزماں نے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کے ہمراہ افتتاح کیا

اسلام آباد ۔ 23 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ قومی مقابلہ حسن خطاطی میں منتخب ہونے والے نوجوان خطاطوں کے فن پاروں کو کتابی شکل میں شائع کریں گے جبکہ باصلاحیت نوجوان خطاطوں کو اعلی تربیت کے لئے ترکی بھجوایا جائے گا۔ وہ ’صوفی عبدالمجید پرویں رقم قومی مقابلہ حسن خطاطی‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے …

اسلام آباد ۔ 23 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ قومی مقابلہ حسن خطاطی میں منتخب ہونے والے نوجوان خطاطوں کے فن پاروں کو کتابی شکل میں شائع کریں گے جبکہ باصلاحیت نوجوان خطاطوں کو اعلی تربیت کے لئے ترکی بھجوایا جائے گا۔ وہ ’صوفی عبدالمجید پرویں رقم قومی مقابلہ حسن خطاطی‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ مسجد نبویﷺ کے عالمی شہرت یافتہ خطاط استاد شفیق الزماں تقریب کے مہان خصوصی تھے۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ ملک بھر سے آنے والے چار سوفن پاروں میں سے بیس حتمی فن پارے ماہرخطاطوں پر مشتمل جیوری نے نہایت شفاف نظام کے ذریعے منتخب کرلئے ہیں۔ اسلامی کانفرنس تنظیم (اوآئی سی) کے فن وثقافت کے فروغ کے ادارہ (ارسیکا) کے تعاون سے نوجوان خطاطوں کو تربیت دی جائے گی۔ اس ضمن میں مفاہمت کا معاہدہ پہلے ہی طے پاچکا ہے۔یہ نوجوان خطاط دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے اور عظیم اسلامی میراث کی آبیاری میں اپنا کردار ادا کریںگے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر کے خطاطوں کے فن اور ان کے تعارف پر مبنی اپنی نوعیت کی پہلی ڈائریکٹری بھی تیاری کے آخری مراحل میں ہے جو جلد ہی شائع کی جارہی ہے۔ اس ڈائریکٹری کے ذریعے عوام الناس کو خطاطوں کے کوائف اور ان کے کام سے آگہی حاصل ہوسکے گی۔