لاڑکانہ،قتل سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب ملزم نے گرفتاری دے دی

ایس ایس پی لاڑکانہ اظہر خان (PSP) کی انصاف پر مبنی پالیسی سے متاثر ہوکر قتل سمیت سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات میں مطلوب ملزم نےپولیس کو گرفتاری دے دی۔

لاڑکانہ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ایس ایس پی لاڑکانہ اظہر خان (PSP) کی انصاف پر مبنی پالیسی سے متاثر ہوکر قتل سمیت سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات میں مطلوب ملزم نےپولیس کو گرفتاری دے دی۔

پولیس نے کہا ہے کہ ملزم واحد بخش کی گرفتاری سے رتوڈیرو اور گرد و نواح میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی جبکہ دیگر مفرور اور مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائیوں میں بھی پیش رفت متوقع ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ اظہر خان (PSP) نے کہا کہ پولیس کے سامنے سرینڈر کرنے والے افراد کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہیں کی جائے گی، تاہم وہ اپنے خلاف پہلے سے درج مقدمات کا قانون اور عدالتوں کے مطابق سامنا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا مقصد علاقے میں امن و امان کا قیام اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے۔

دریں اثنا ایس ایس پی لاڑکانہ نے شہر کے مختلف علاقوں اور داخلی و خارجی راستوں کا دورہ کیا اور پولیس تعیناتی ، سکیورٹی انتظامات اور پولیس پٹرولنگ کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی نے مختلف تھانوں، پولیس پکٹس اور اہم مقامات کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعینات پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کرکے سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

پولیس حکام نے ایس ایس پی لاڑکانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہےکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مشتبہ افراد کی نگرانی، گاڑیوں کی چیکنگ اور پولیس گشت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جرائم کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ایس ایس پی نے پولیس افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید موثر بنائی جائیں اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے گشت اور نگرانی کا نظام مزید بہتر کیا جائے۔