سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے حادثات کی روک تھام اور سموگ کنٹرول کے لیے ٹرانسپورٹرز کو گاڑیوں کی طرح ڈرائیورز کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دینے، اوورسپیڈنگ پر مقدمات درج کرنے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور،اوور سپیڈنگ پر مقدمات، ڈرائیورز کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازم قرار

مزید خبریں
لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے حادثات کی روک تھام اور سموگ کنٹرول کے لیے ٹرانسپورٹرز کو گاڑیوں کی طرح ڈرائیورز کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دینے، اوورسپیڈنگ پر مقدمات درج کرنے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے وزیراعلی پنجاب کے وژن محفوظ پنجاب، محفوظ سڑکیں کے تحت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ روڈ سیفٹی اور سموگ کے حوالے سے اجلاس میں ہنگامی اقدامات کی ہدایات دیں۔اجلاس میں بس اونرز، مزدا، منی گڈز، ٹرک ٹرانسپورٹ اور ٹریکٹر ٹرالی ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وفد میں تنویر احمد جٹ، ملک مسعود اور دیگر شامل تھے۔سی ٹی اونے کہا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے ڈرائیورز کے طبی اور نفسیاتی معائنے کی غرض سے موبائل میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے، جہاں نظر، کلر بلائنڈنس، طبی فٹنس اور نفسیاتی صحت کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔انہوں نے اوورسپیڈنگ کی روک تھام کے لیے ٹرانسپورٹرز کو گاڑیوں میں ازخود کیمرے نصب کروانے، رات کے وقت حادثات سے بچائو کے لیے بیک لائٹس اور ریفلیکٹرز فعال رکھنے کی ہدایت کی۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ریت اور مٹی لے جانے والی ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھانپے بغیر چلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ڈرائیورز کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے، صرف لائسنس یافتہ ڈرائیورز سے گاڑیاں چلوانے اور اوورسپیڈنگ و لین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام یقینی بنانے کا پابندکیا۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے لاہور میں مال بردار گاڑیوں کے داخلے کے مقررہ اوقات اور پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی، حادثات کی روک تھام اور سموگ کنٹرول کے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔







