لبنان کے صدر جوزف عون نے شامی وزیر اقتصادیات محمد نضال الشعار سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لبنان اور شام کے درمیان تعلقات کے فروغ پر اتفاق، صدر جوزف عون سے شامی وزیر اقتصادیات کی ملاقات

مزید خبریں
بیروت ۔24ستمبر (اے پی پی):لبنان کے صدر جوزف عون نے شامی وزیر اقتصادیات محمد نضال الشعار سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شنہوا کےمطابقلبنانی ایوان صدر کے مطابق ملاقات کے دوران شامی وزیر نے عبوری صدر احمد الشرع کی جانب سے صدر جوزف عون کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان امن، دوستی، خلوص اور متوازن تعلقات پر مبنی ’’نئے باب‘‘ کے آغاز کی علامت ہے۔
انہوں نے لبنان اور شام کی کاروباری کونسلوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے، اقتصادی ترقی کے اہم محرک ثابت ہوں گے۔صدر جوزف عون نے بھی شامی عبوری صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی توازن، احترام اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر استوار ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ لبنان کا استحکام شام کے استحکام سے جڑا ہوا ہے اور دونوں ممالک کو سکیورٹی اور فوجی امور کے علاوہ اقتصادی شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔
دریں اثنا، لبنان کے وزیر اقتصادیات و تجارت عامر بساط نے کہا کہ لبنان اور شام کے پاس ’’زیادہ واضح اور متوازن‘‘ نئے تعلقات استوار کرنے کا موقع موجود ہے۔انہوں نے بیروت میں لبنانی۔شامی سرمایہ کاری فورم کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کو عملی شکل دینے کے لیے فعال اداروں، واضح مفادات اور ایسے نتائج کی ضرورت ہے جو دونوں عوام کے لیے فائدہ مند ہوں۔








