سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ لیلۃ القدر ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے،لیلۃ القدر کی بابرکت رات میں امت مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ یہ بات انہوں نے لیلۃ القدر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔
لیلۃ القدر ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، سردار ایاز صادق
اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ لیلۃ القدر ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے،لیلۃ القدر کی بابرکت رات میں امت مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ یہ بات انہوں نے لیلۃ القدر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ لیلۃ القدر کی بابرکت رات مسلمانوں کے لیے بے شمار روحانی برکتوں، رحمتوں اور مغفرت کا پیغام لے کر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس رات اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمتوں کے حصول، توبہ و استغفار اور اپنے اعمال کا جائزہ لینے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ لیلۃ القدر کو قرآن کریم میں ہزار مہینوں سے بہتر قرار دیا گیا ہے جو اس رات کی عظمت اور فضیلت کو واضح کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابرکت رات میں عبادات، ذکر و اذکار، دعا اور استغفار کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقدس موقع پر ہمیں اپنے اندر صبر، برداشت، اخوت اور ہمدردی جیسے اعلیٰ انسانی اوصاف کو فروغ دینے اور معاشرے میں بھائی چارے اور انسانیت کے جذبے کو مضبوط بنانے کا عہد بھی کرنا چاہیے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ لیلۃ القدر کی بابرکت گھڑیوں میں پوری قوم کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیےخصوصی دعائیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مقدس رات کے موقع پر ملک میں امن، ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا کرنی چاہیے۔سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ مسلمان اس بابرکت رات میں امت مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعائیں کریں تاکہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقدس رات میں بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھنا چاہیے جو طویل عرصے سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان مظلوم مسلمانوں کو صبر و استقامت عطا فرمائے اور انہیں آزادی، امن اور انصاف کی نعمت سے سرفراز کرے۔سپیکر نے کہا کہ کے اس رات میں ہمیں اپنے ملک کے محافظوں جو دہشت گردی کے خلاف نبردآزما ہیں ان کی سلامتی اور ملک خدا داد پاکستان کو ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات نے محفوظ رکھنے اور معاشی طور پر استحکام عطا فرمانے کیلئے بھی خصوصی دعائؤں کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ لیلۃ القدر مسلمانوں کے لیے روحانی تجدید اور اللہ تعالیٰ سے قرب حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابرکت رات میں زیادہ سے زیادہ عبادت، دعا اور نیک اعمال کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رحمتیں حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پوری قوم اس مبارک رات میں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعائیں کرنے کی ضرورت ہے۔









