لیڈر آف اپوزیشن کا معاملہ اس وقت عدالتوں میں زیر سماعت ہے، جیسے ہی عدالت کا حکمنامہ موصول ہوگا یہ مسئلہ خود بخود حل ہو جائے گا، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کے خطاب کے جواب میں کہا ہے کہ انہوں نے اس معاملے پر ایک خط لکھا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ عامر ڈوگر کے پاس موجود فائل ابھی تک ان تک نہیں پہنچی۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ لیڈر آف اپوزیشن کا معاملہ اس وقت …

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کے خطاب کے جواب میں کہا ہے کہ انہوں نے اس معاملے پر ایک خط لکھا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ عامر ڈوگر کے پاس موجود فائل ابھی تک ان تک نہیں پہنچی۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ لیڈر آف اپوزیشن کا معاملہ اس وقت عدالتوں میں زیر سماعت ہے، جیسے ہی عدالت کا حکمنامہ موصول ہوگا یہ مسئلہ خود بخود حل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں مفاہمت کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی، مگر اس کا انہیں مثبت صلہ نہیں ملا، ’’میں جو چار قدم آگے بڑھا تھا، دس قدم پیچھے آ گیا۔‘‘ سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس کے باوجود وہ اب بھی اس موقف پر قائم ہیں کہ پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن کو ایک ساتھ بیٹھ کر ہی معاملات حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے دس نکات پر اختلاف ہو، مگر کم از کم کسی ایک نکتے پر اتفاق ضرور نکل سکتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ ایک بار پھر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ تالی ہمیشہ دو ہاتھوں سے بجتی ہے، اس لیے اپوزیشن کو بھی سنجیدگی سے سوچ بچار کرنی ہوگی۔ انہوں نے حکومت اور اپوزیشن دونوں سے درخواست کی کہ وہ مل بیٹھ کر ملک کی بہتری کے لیے لائحہ عمل طے کریں۔اپنے خطاب میں سردار ایاز صادق نے اداروں پر تنقید سے گریز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کو برا بھلا کہہ کر کچھ حاصل نہیں ہوگا، ادارے آپ کے بھی ہیں اور حکومت کے بھی، انہیں دہشت گردی کا مقابلہ اور سرحدوں کی حفاظت بھی کرنی ہے۔

سپیکر نے کہا کہ یہ تمام باتیں ایوان کے اندر بیٹھ کر ہونی چاہئیں، باہر ان امور کو اچھالنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بات چیت کے ذریعے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکل آئے گا۔آخر میں سردار ایاز صادق نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ مشاورت مکمل کر کے انہیں آگاہ کریں جس کے بعد ان شاء اللہ باقاعدہ بیٹھ کر معاملات پر پیشرفت کی جائے گی۔

مزید خبریں