اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت مالیاتی استحکام کو یقینی بنانے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اہم مالی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنشن اصلاحات کا مقصد نہ صرف ملک کی مالی بنیاد کو مضبوط کرنا ہے بلکہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ …
مالی استحکام اورمعاشی ترقی کیلئے پنشن اصلاحات ناگزیر ہیں، بلال اظہر کیانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت مالیاتی استحکام کو یقینی بنانے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اہم مالی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنشن اصلاحات کا مقصد نہ صرف ملک کی مالی بنیاد کو مضبوط کرنا ہے بلکہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ سیکیورٹی کو بھی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیا نظام یکم جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین پر لاگو ہوگا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نئےنظام کے تحت ’’فیڈرل گورنمنٹ پنشن مینجمنٹ کمپنی‘‘ قائم کی جائے گی جبکہ ’’پنشن ریزرو فنڈ‘‘ بھی بنایا جائے گا تاکہ پنشن کی رقم کی سرمایہ کاری شفاف اور مستحکم انداز میں کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ملازمین کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنی پنشن کی سرمایہ کاری کے طریقۂ کار پر نظر رکھ سکیں ، تمام اصلاحات پنشنرز کے مفاد اور سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ یہ اقدامات قومی خزانے پر مالی دباؤ کم کرنے کے ساتھ ساتھ پنشن کے نظام میں شفافیت، انصاف اور طویل المدتی پائیداری کو فروغ دیں گے۔








