اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے اپنے ملک آمد سے قبل آئی سی اے منظوری لینے کے عمل کو ختم کرنے کی وجہ سے پی آئی اے اور دیگر ائیرلائنز کے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافر ائیر پورٹس پر پھنس گئے ہیں، پی آئی اے ابو ظہبی ائیرپورٹ …
متحدہ عرب امارات میں آئی سی اے منظوری کا عمل ختم کرنے سے پی آئی اے اور دیگر ائیرلائنز کے مسافر ائیر پورٹس پر پھنس گئے،ترجمان پی آئی اے

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے اپنے ملک آمد سے قبل آئی سی اے منظوری لینے کے عمل کو ختم کرنے کی وجہ سے پی آئی اے اور دیگر ائیرلائنز کے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافر ائیر پورٹس پر پھنس گئے ہیں، پی آئی اے ابو ظہبی ائیرپورٹ حکام سے اپنے کنٹری مینیجرز کے ذریعے کنفیوژن کو ختم کرنے کیلئے رابطے میں ہے۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے اپنے ملک آمد سے قبل آئی سی اے منظوری لینے کے عمل کو ختم کردیا گیا تھا، تاہم جب پی کے 217 پشاور۔ ابوظہبی کے مسافر ائیرپورٹس پہنچے تو چیک ان کے عمل کے دوران ویزے کی منظوری نہیں بھیجی گئی۔ پی آئی اے کی انتظامیہ نے ابو ظہبی ائیرپورٹ حکام سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ آئی سی اے منظوری کو ختم کردیا گیا ہے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تاہم امیگریشن حکام نے پی آئی اے کو تنبیہ کی کہ اگر ایسے مسافر آئے تو انھیں ڈی پورٹ کرکے ائیر لائن کو جرمانہ کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز پی آئی اے کے 59 مسافر پشاور سے ابو ظہبی کی پرواز پر نہ جاسکے اور ائیر پورٹ پر ہی انتظار کررہے ہیں جبکہ ایک نجی ائیر لائن کے 83 مسافر گزشتہ روز اسلام آباد سے ابوظہبی کی پرواز سے اتارے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے ابو ظہبی ائیرپورٹ حکام سے اپنے کنٹری مینیجرز کے ذریعے کنفیوژن کو ختم کرنے کیلئے رابطے میں ہے۔ اگر مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو پاکستانی سفارتی ذرائع سے بھی مدد کی درخواست کی جائے گی۔








