متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر سالم محمد سالم البواب الزعابی کا شیخ زید ہسپتال کا دورہ

لاہور۔11فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر سالم محمد سالم البواب الزعابی نے بدھ کے روز شیخ زید ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔ترجمان کے مطابق چیئرپرسن و ڈین شیخ زید میڈیکل کمپلیکس پروفیسر عائشہ ہمایوں اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زید ہسپتال پروفیسر مونا عزیز گیلانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ دیگر اعلی انتظامی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ہسپتال انتظامیہ نے متحدہ عرب امارات …

لاہور۔11فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر سالم محمد سالم البواب الزعابی نے بدھ کے روز شیخ زید ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔ترجمان کے مطابق چیئرپرسن و ڈین شیخ زید میڈیکل کمپلیکس پروفیسر عائشہ ہمایوں اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زید ہسپتال پروفیسر مونا عزیز گیلانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ دیگر اعلی انتظامی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ہسپتال انتظامیہ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو ہسپتال میں موجود جدید طبی سہولیات،مریضوں کی نگہداشت کی خدمات، تشخیصی و علاج معالجے کے شعبہ جات، تعلیمی سرگرمیوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ شیخ زاید ہسپتال نہ صرف لاہور کے شہریوں بلکہ پنجاب بھر اور ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے مریضوں کو معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

اماراتی سفیر نے لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ سمیت ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا معائنہ کیا، فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور علاج و معالجے کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں سالم محمد سالم البواب الزعابی نے ہسپتال کے عملے کے بچوں کے لیے قائم کیے گئے جدید ترین ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح بھی کیا۔ اس ڈے کئیر سنٹر کا مقصد ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر ملازمین کے بچوں کو محفوظ اور معاون ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید یکسوئی اور اطمینان کے ساتھ انجام دے سکیں۔ سفیر نے ڈے کیئر سینٹر کا معائنہ کیا اور اسے عملے کی فلاح و بہبود کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن و ڈین پروفیسر عائشہ ہمایوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال ایک فلاحی اور تعلیمی ادارہ ہے جو جدید طبی تحقیق، اعلی معیار کی تعلیم اور عوامی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان ڈاکٹروں اور طبی عملے کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مستقبل کے طبی چیلنجز سے موثر طور پر نمٹا جا سکے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر مونا عزیز گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہسپتال انتظامیہ مریض دوست سہولیات میں بہتری، گورننس کو موثر بنانے اور طبی سہولیات کے معیار کو بلند کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید آلات کی تنصیب، سروس ڈیلیوری میں بہتری اور شفاف انتظامی نظام ہسپتال کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے شیخ زید ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، انتظامی نظم و ضبط اور طبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی مضبوط علامت ہے۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔