انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہاہے کہ سال کا پہلا اسلامی مہینہ محرم الحرام کے حوالے سے بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں
محرم الحرام کے دوران جاری کردہ ایس او پیز پرعملدرآمد کرتے ہوئے سکیورٹی کویقینی بنائیں گے،آئی جی پولیس بلوچستان
کوئٹہ۔ 12 جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہاہے کہ سال کا پہلا اسلامی مہینہ محرم الحرام کے حوالے سے بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں ،حکومت بلوچستان کی محرم الحرام کے دوران جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے منتظمین جلوس و مجالس کی سکیورٹی کوہر صورت یقینی بنائیں گے۔
محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام سکیورٹی انتظامات اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماکرام،تاجر برادری کے نمائندے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پولیس و انتظامیہ کے افسران نے شرکت۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پولیس آپریشنز شہزاد اکبر،کمانڈنٹ چلتن رائفلز FCنارتھ بلوچستان،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت،کمشنر کوئٹہ ڈویڑن شاہ زیب خان کاکڑ ،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ طاہر علاالدین ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی ،شیعہ علما علامہ سید ہاشم موسوی امام بارگاہ کلاں، سنی علمائ انوار الحق حقانی مرکزی جامعہ مسجد سورج گنج بازار،علامہ شیخ جمعہ اسدی جامعہ امام صادق،قاری عبدالراحمن نورزئی جامعہ سفیر مسجد ، عاشق حسین صدر شیعہ کانفرنس،قاری عبدالرحمن عید گاہ طوغی روڈ ،ڈاکٹر عطا الرحمن جامعہ عبدالعزیز ، پیر اسماعیل مجددی پیر عبدالخیر روڈ، مفتی محمود احمد جامعہ مسجد قندہاری،علامہ شہزاد عطاری میاں اسماعیل مسجد و فا روڈ ، کاظم علی شیعہ کانفرنس اورعبدالرحیم کاکڑ صدر انجمن تاجران ، ودیگر عہدیداروں ، حسن آغا صدر ہزارہ تاجر برادی ، رحیم آغاصدر انجمن تاجران ، امرالدین آغا صدر انجمن تاجران آغا گروپ ،ٹکری حمید بنگلزئی ،جلوس کے روٹ کے سابقہ ناظم و سماجی کارکن میر اسلم رند، ایریا ایس پیزکے علاوہ دیگر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے افسران شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور عاشورہ کے جلوسوں کی روٹس کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ترتیب دیئے گئے پلان کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کے تحت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے گی اور نویں اور دسویں محرم کے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں کے دوران شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے براہِ راست مانیٹرنگ کا نظام بھی فعال رکھا جائے گا۔آئی جی بلوچستان پولیس نے ہدایت کی کہ جلوس روٹس پر متبادل راستوں سے ٹریفک کی ہموار روانی کو برقرار رکھنے کیلئے وارڈنز اور اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور مرکزی و حساس مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز کو لازمی تعینات کیا جائے جبکہ خواتین کی مجالس اور جلوسوں میں لیڈی کانسٹیلز سکیورٹی اور چیکنگ کے فرائض سر انجام دیں گی۔محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن و امان کو برقر ار رکھنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہیں اورسیکورٹی پلان کے تحت شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور سیکورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماکرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین ا ور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام اسلامی سال کاپہلا مہینہ ہے اور واقعہ کربلا ہمیں صبر، استقامت، اخوت، بھائی چارے اور اسلام کی سربلندی کے لیے قربانی کا درس دیتا ہے۔ہمیں طاغوتی قوتوں کو دین اسلام،ملک اور قوم کے خلاف بننے سازشوں کو اپنے مابین اتحاد کو برقرار رکھنے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملانے رہیں گے۔ علماکرام نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام طبقہ فکر کے ساتھ مل کر اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔علماکرام نے کہا کہ بعض عناصر مذہب کی آڑ میں انتشار، نفرت اور فرقہ واریت کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں اور افواہوں کے ذریعے عوام میں بداعتمادی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ایسے عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی قسم کی غیر مصدقہ اطلاعات یا افواہوں پر یقین نہ کیا جائے بلکہ ذمہ دار اداروں سے اس حوالے سے رجوع کیا جائے۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مساجد، امام بارگاہوں، محلوں اور مختلف علاقوں کی سطح پر سماجی وذینی ہم آہنگی کو فروغ برقرار رکھا جائیگا اور گروہی منافرت پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ علماکرام نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو اتحاد و یگانگت کے فروغ اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی اسی میں ملک اور قوم کی بقا ہے۔ علماکرام نے تمام مکاتبِ فکر کے افراد پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران اسلامی تعلیمات، اسوہ حسنہ، صبر و تحمل اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ علما کرام نے مساجد اور اپنے خطبات اور خصوصا جمعہ المبارک کے خطابات میں بھی قومی یکجہتی، مذہبی رواداری، امن، بھائی چارے اور اتحاد امت کے موضوعات کو اجاگر کیا جائے تاکہ معاشرے میں امن و استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔تمام علما کرام کسی بھی فورم سے مذہبی دل آزاری یا مذہبی منافرت کے پھیلاو کی حوصلہ شکنی کریں گے۔ جلوس کے منتظمین نے کہاکہ جاری کردہ سکیورٹی پلان پر من و عن عملد درآمدہوگا۔عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی انتظامات کیلئے علمائے اکرام، امن کمیٹیوں اور دیگرتمام طبقہ فکر کے ساتھ مربوط رابطہ رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے تاجر برادری کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی تاجروں کی جانب سے محرم الحرام کے دوران انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روایتی راستوں پر واقع دکانوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت سیل کرنے کے موقع تعاون کر تے تاجران کے نمائندے بھی موجود ہونگے اور تاجر برادری جلوسوں کے انعقاد کے دوران انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سیکورٹی انتظامات و دیگر ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کئے گئے تمام تر حفاظتی انتظامات اور سیکورٹی پلان کی مناسبت سے تمام مکاتب فکر کے علماکرام اور امن کمیٹی کے ممبران سے تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کی پیش کردہ تجاویز پرغور و غوض بھی کیا گیا۔اس موقع علما کرام و امن کمیٹی کے ممبران اور نمائندگان نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون رہے گا۔اجلاس میں کمشنر کوئٹہ شاہ زیب خان کاکڑ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ساتویں، نویں اور دسویں محرم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور پانی کی فراہمی جبکہ کیسکو کو بلا تعطل بجلی فراہمی، سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس سپلائی بہتر بنانے جبکہ محکمہ صحت کو ہسپتالوں میں ایمرجنسی، اضافی طبی عملہ، ایمبولینسز اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس میں موجود رہیں گے۔








