اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):محمد امین خان لودھی کو وفاقی حکومت کی جانب سے 30 اکتوبر 2025ء کو 5 سال کے لیے بینک دولت پاکستان کا ڈپٹی گورنر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے اسی دن سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق امین لودھی ایک تجربہ کار مرکزی بینکار ہیں، انہیں پاکستان میں زری اور شرح مبادلہ پالیسیوں کی تشکیل اور نفاذ میں …
محمد امین خان لودھی کو ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک مقرر کردیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):محمد امین خان لودھی کو وفاقی حکومت کی جانب سے 30 اکتوبر 2025ء کو 5 سال کے لیے بینک دولت پاکستان کا ڈپٹی گورنر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے اسی دن سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق امین لودھی ایک تجربہ کار مرکزی بینکار ہیں، انہیں پاکستان میں زری اور شرح مبادلہ پالیسیوں کی تشکیل اور نفاذ میں 26 سال سے زائد کا متنوع تجربہ حاصل ہے۔
ڈپٹی گورنر کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ سٹیٹ بینک میں زری پالیسی اور ریسرچ گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس حیثیت میں انہوں نے سٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی کے لیے کلی معاشی تجزیوں اور تخمینوں کی تیاری میں نمایاں کردار ادا کیا، معاشی اور تحقیقی شعبوں میں سٹیٹ بینک کی نمایاں مطبوعات کی تیاری، نیز ڈیٹا جاری کرنے کے عمل کی نگرانی کی۔ امین لودھی زری پالیسی اور مہنگائی، مالیاتی پالیسی اور قرضوں کے انتظام اور مالی نظام سمیت پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں گہرا تحقیقی کام بھی کرچکے ہیں۔
امین لودھی نے سٹیٹ بینک کے دیگر نمایاں اقدامات میں بھی فعال کردار ادا کیا ہے جن میں مارکیٹ پر مبنی شرح مبادلہ کے نظام کا نفاذ، زری پالیسی کے نفاذ کے لیے شرح سود کوریڈور فریم ورک کی تشکیل و نفاذ اور حکومتی تمسکات کے پرائمری ڈیلرز سسٹم کی اصلاح و انتظام شامل ہیں۔ انہوں نے سٹیٹ بینک کے پانچ سالہ سٹریٹجک پلان برائے 2023ء تا 2028ء ’’ایس بی پی وژن 2028ء‘‘کی تیاری پر مامور ٹیم کی بھی قیادت کی۔ امین لودھی نے ولیمز کالج، امریکہ سے ڈویلپمنٹ اکنامکس میں ماسٹرز کی ڈگری اور جامعہ کراچی سے اکنامکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔








