محکمہ داخلہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ،اسلام آباد امام بارگاہ بم دھماکہ واقعہ کی مذمت،متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا گیا

لاہور۔11فروری (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی جبکہ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے امن و امان کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسلام آباد امام بارگاہ بم دھماکے کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت اور …

لاہور۔11فروری (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی جبکہ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے امن و امان کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔

اجلاس میں اسلام آباد امام بارگاہ بم دھماکے کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد اور مدارس ریفارمز بارے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے، وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، انٹیلیجنس شیئرنگ اور فوری رسپانس میکانزم سے امن کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شرپسند عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہی ہے جو معاشرتی ہم آہنگی اور امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،

وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر مدارس اصلاحات، سماجی ہم آہنگی کے فروغ، مذہبی رواداری اور فلاحی اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قیام امن کی خاطر دن رات مصروف عمل ہیں،حکومت اور عوام کے باہمی اشتراک و تعاون سے ہی امن و استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری فارن نیشنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو سمیت متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔