مرکزی حکومت کے مجموعی قرضوں میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر کمی

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):مرکزی حکومت کے مجموعی قرضوں میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2023 میں حکومت کے مجموعی قرضوں کا حجم 62291 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو اگست کے مقابلے میں 2.6 فیصد کم ہے۔ اگست میں حکومت کے مجموعی قرضوں کا حجم 63966 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):مرکزی حکومت کے مجموعی قرضوں میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2023 میں حکومت کے مجموعی قرضوں کا حجم 62291 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو اگست کے مقابلے میں 2.6 فیصد کم ہے۔

اگست میں حکومت کے مجموعی قرضوں کا حجم 63966 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ حکومت کے اندورنی قرضوں کے حجم میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 0.2 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ ستمبر میں حکومت کے اندرونی قرضوں کا حجم 39698 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 39792 اروب روپے تھا۔ طویل المعیاد قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 2.3 فیصد کی نمو ہوئی۔

ستمبر میں طویل المعیاد قرضوں کا حجم 30693 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 30013 ارب روپے تھا۔ فارن کرنسی لون میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 5.8 فیصد کی کمی ہوئی۔ ستمبر میں فارن کرنسی لون کا حجم 386 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 410 ارب روپے تھا۔ مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 7.8 فیصد کی کمی ہوئی۔

ستمبر میں مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 8883ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جواگست میں 9633 ارب روپے تھا۔ حکومت کے بیرونی قرضوں کے حجم میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 6.5 فیصد کی کمی ہوئی۔ ستمبر میں حکومت کے بیرونی قرضوں کا حجم 22594 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 24175 ارب روپے تھا۔