مسلح افواج وطن کی سالمیت اور حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہیں،کسی قومی ادارے کو نشانہ بنانا نامناسب ہے، وزیردفاع خواجہ محمد آصف

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے پاکستان آرمی کے حوالے سے بیانات کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات اس قومی ادارے کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں،جس نے ملک کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج پاکستان وطن کی سالمیت اور حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ …

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے پاکستان آرمی کے حوالے سے بیانات کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات اس قومی ادارے کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں،جس نے ملک کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج پاکستان وطن کی سالمیت اور حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہیں اور ہماری ریڈ لائن ہیں ۔بدھ کو قومی اسمبلی میں ذاتی وضاحت پر انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی اختلافات فطری ہیں، ہم پالیسیوں اور نظریات پر اختلاف کر سکتے ہیں، لیکن اس طرح کسی قومی ادارے کو نشانہ بنانا نامناسب ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی پورے وفاق کی اور تمام صوبوں کی ہے،گزشتہ چند سالوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں افسران اور جوانوں نے ڈیوٹی کے دوران شہادت کو گلے لگایا۔انہوں نے بتایا کہ 2021 سے فروری 2026 تک دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان آرمی کے 3,141 افسران اور جوانوں نے شہادت پائی۔وزیر دفاع نے اس دعوے کو سختی سے مسترد کیا کہ آرمی کسی ایک صوبے یا علاقے کی نمائندگی کرتی ہے۔اسے "وفاقی فورس” قرار دیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران وجوانوں کا تعلق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اقلیتی برادریوں سمیت ملک بھر سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کی ساخت پورے وفاق کی عکاسی کرتی ہے، یہ ایک حقیقی قومی ادارہ ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ریکارڈ میں واضح طور پر یہ درج ہونا چاہیے کہ پاکستان آرمی ایک قومی ادارہ ہے جس میں تمام وفاقی اکائیوں اور مذہبی اقلیتوں کی موجودگی ہے۔انہوں نے سیاسی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ خاص طور پر موجودہ سکیورٹی چیلنجز کے دوران ایسے بیانات سے گریز کریں جو قومی جذبات کو مجروح کرسکتے ہوں۔ اختلاف رائے ہر ایک کا حق ہے، لیکن قومی جذبات اور اداروں کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں۔ اسی طرح فوج میں بھرتی ہوتے وقت جوان بھی حلف اٹھاتے ہیں۔بہت سے سیاستدان اپنے کیریئر میں کئی بار پارٹیاں بدلتے ہیں،لیکن جنہوں نے شہادت پائی انہوں نے کبھی اپنے حلف کی خلاف ورزی نہ کی تھی بلکہ اس کی تعظیم کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی ایک وفاقی فورس ہے جو تمام وفاقی اکائیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور ملک بھر کے شہری وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں،کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے شہید فوجی جوان و آفیسران قوم کے شہید ہیں،ان کے درجات بلند ہیں،وہ اول و آخر پاکستانی ہیں اور ان کا سبز ہلالی پرچم کے ساتھ لازوال رشتہ ہے۔