مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں دانیال عزیز اور ڈاکٹر مصدق ملک کی پریس کانفرنس

APP75-17 ISLAMABAD: January 17 - Dr. Musaddiq Malik, Spokesperson of the Prime Minister alongwith PML-N MNA Daniyal Aziz addressing a press conference. APP

اسلام آباد ۔ 17 جنوری (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں دانیال عزیز اور ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عدالت سے کسی قسم کا استثنیٰ نہیں مانگا ہے، وزیراعظم نے عوام اور عدالت کے سامنے سرتسلیم خم کیا ہے حالانکہ آئین کی دفعہ 248 کے تحت وزیراعظم اور پوری پارلیمان کو استثنیٰ حاصل ہے، عمران خان گرگٹ کی طرح رنگ بدل رہے ہیں، جھوٹ بول کر میڈیا میں واویلا کر رہے ہیں، ہوس اقتدار کی خاطر قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا کے بعض سیکشن میں یہ خبر بار بار چلائی جا رہی ہے کہ وزیراعظم نے آئین کی دفعہ 248 کے تحت استثنیٰ مانگا ہے، اس قسم کی کوئی بھی بات نہیں ہے نہ ہی وزیراعظم نے استثنیٰ مانگا ہے حالانکہ وزیراعظم اور پوری پارلیمان کو دفعہ 248 کے تحت استثنیٰ حاصل ہے۔ سابق صدر کے خلاف جب مقدمہ چلا تھا تو انہوں نے بھی استثنیٰ مانگا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی لیڈروں کو بادشاہت سے بچانے کیلئے یہ پارلیمانی حق دیا گیا تھا وزیراعظم اور پارلیمانی لیڈروں کو یہ استحقاق حاصل ہے کوئی بھی ان کا یہ استحقاق ختم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں حقائق اور قانون کے مطابق بات کرنی ہوتی ہے، جو الزام لگاتا ہے وہی ثبوت لاتا ہے تاہم پی ٹی آئی والے ثبوت کی بجائے جھوٹ کا سہارا لے کر میڈیا پر واویلا کر رہے ہیں۔