گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سندس فاونڈیشن میں ورلڈ ڈونیشن ویک کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں کسی کے چہرے پر مسکراہٹ لانا عظیم کام ہے۔
مشکل کی گھڑی میں کسی کے چہرےپر مسکراہٹ لانا عظیم کام ہے،گورنر پنجاب کاورلڈ ڈونیشن ویک کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

مزید خبریں
لاہور۔18جون (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سندس فاونڈیشن میں ورلڈ ڈونیشن ویک کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں کسی کے چہرے پر مسکراہٹ لانا عظیم کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندس فاونڈیشن ایک قابل اعتماد ادارہ ہے جو کہ تھیلیسیما کے مریضوں کی دن رات خدمت کررہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سندس فاونڈیشن تھیلیسیما، ہیموفیلیا اور دیگر خون کے امراض میں مبتلا افراد کی زندگیوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے منو بھائی مرحوم جیسے افراد عظیم لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی وہ ہے جو دوسروں کی بھلائی کے لیے گزاری جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میرا سب سے قیمتی اور یادگار وقت یہ ہے جو ان لوگوں کے ساتھ گزاراہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ڈونرز اور چیرٹی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو خون مل جائے تو کئی سال زندہ رہ سکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اٹک میں لوگ ڈائلسز کی سہولیات نہ ہونے کے باعٹ انتقال کر جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سند س فاونڈیشن جیسے فلاحی اداروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکہ جنگ کے بعد سرمایہ دار کی توجہ پاکستان کی طرف ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ سرمایہ داروں کو اپنی طرف راغب کرے۔ اس موقع سے جتنا فائدہ اٹھا کر غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جا سکتا تھا وہ نہیں کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ امریکہ ایران کے مابین امن معاہدے میں پاکستان نے بہت کامیاب سفارتکاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ بندی سے بہتری کی توقع ہے اور وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے 2013 میں پاکستان ایران پائپ لائن معاہدہ کیا تھا۔ ایران پر پابندیاں ختم ہونے کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہو گا۔ایران کی طرف سے جو وہ پائپ لائن جو ہے وہ بارڈر پہ پہنچ چکی ہے۔ ہماری 50 کلومیٹر دور ہے اگر یہ 50 کلومیٹر کی لائن ڈال کے جڑ جاتی ہے تو ہمارا انرجی کا تمام مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ہمیں سستی گیس مل جائے گی اور بجلی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے بلڈ ڈونیشن میں مدد کرنے والوں کے درمیان سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ تقریب میں ارشد انصاری صدر پریس کلب، محمد یاسین خان صدر سندس فاونڈیشن،سینئر صحافی سہیل وڑائچ، عائشہ منظور وٹو ڈی جی پیمرا، نظام الدین اور چیئر پرسن شعبہ ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر عائشہ اشفاق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔








