وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر سے ورلڈ بینک کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کے روز ملاقات کی۔محکمہ زراعت خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق ملاقات کے دوران صوبہ میں
مشیر زراعت خیبر پختونخوا سے ورلڈ بینک وفد کی ملاقات،زرعی پیداوار اور استعداد میں اضافہ یقینی بنانا ہے

مزید خبریں
پشاور۔ 18 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر سے ورلڈ بینک کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کے روز ملاقات کی۔محکمہ زراعت خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق ملاقات کے دوران صوبہ میں مجوزہ زرعی ترقیاتی منصوبے کے مختلف پہلوؤں، اہداف اور متوقع نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ورلڈ بینک وفد نے مشیر زراعت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجوزہ منصوبہ 171 ملین امریکی ڈالر کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) کریڈٹ کے ذریعے مالی معاونت حاصل کرے گا۔
منصوبے کا مقصد خیبر پختونخوا میں زرعی پیداوار اور پیداواری استعداد میں اضافہ، آبپاشی کے نظام کی جدید خطوط پر بہتری، چھوٹے کاشتکاروں کی تکنیکی و ادارہ جاتی صلاحیتوں کا فروغ اور زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے کسانوں کی آمدن میں پائیدار اضافہ یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر مشیر زراعت میاں محمد عمر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت زرعی شعبے کی جامع اور پائیدار ترقی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے اور کسان برادری کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے اشتراک سے مجوزہ منصوبہ صوبے کے زرعی شعبے کی جدیدکاری، وسائل کے مؤثر استعمال اور دیہی معیشت کے استحکام میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے کاشتکار صوبے کی زرعی معیشت کا بنیادی ستون ہیں، لہٰذا ان کی استعداد کار میں اضافہ، جدید زرعی ٹیکنالوجی تک رسائی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی کاشتکاری کے فروغ اور منڈیوں تک بہتر رسائی کو یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری زراعت خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان، ڈائریکٹر جنرل آن فارم واٹر مینجمنٹ حیات خان، ڈائریکٹر آن فارم واٹر مینجمنٹ رب نواز بھی موجود تھے۔








