مصر، یونان اور قبرص کے وزرائے دفاع نے قاہرہ میں ملاقات کی، جس میں فوجی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شنہوا کے مطابق مصری مسلح افواج کے بیان کے مطابق مصر کے وزیر دفاع و عسکری پیداوار اشرف سالم زاہر نے تینوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے مشرقی بحیرہ …
مصر، یونان اور قبرص کے وزرائے دفاع کی ملاقات، فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
قاہرہ ۔24ستمبر (اے پی پی):مصر، یونان اور قبرص کے وزرائے دفاع نے قاہرہ میں ملاقات کی، جس میں فوجی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شنہوا کے مطابق مصری مسلح افواج کے بیان کے مطابق مصر کے وزیر دفاع و عسکری پیداوار اشرف سالم زاہر نے تینوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے مشرقی بحیرہ روم میں سلامتی اور استحکام کے فروغ میں مدد ملے گی۔
یونان کے وزیر دفاع نیکوس ڈینڈیاس نے اجلاس کو تینوں ممالک کی مسلح افواج کے بہتر مستقبل کی تشکیل اور بین الاقوامی معاہدوں و قوانین کے احترام کے دائرے میں مشترکہ فوجی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔قبرص کے وزیر دفاع واسیلیس پامپاس نے کہا کہ یہ اجلاس رواں ماہ کے آغاز میں مصر کے ساحلی شہر العلمین میں تینوں ممالک کے سربراہان کے منعقدہ سہ فریقی اجلاس کے تسلسل میں ہوا ہے۔ انہوں نے خطے میں تیزی سے بدلتے ہوئے چیلنجز کے تناظر میں مشترکہ رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
چھٹے سہ فریقی اجلاس کے اختتام پر تینوں ممالک نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے، جس کا مقصد دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانا، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنا اور مشرقی بحیرہ روم میں امن و استحکام کی حمایت کرنا ہے۔مصر، یونان اور قبرص کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی شعبوں میں سہ فریقی تعاون کا طریقہ کار موجود ہے، جس کے تحت باقاعدگی سے سربراہان کے اجلاس اور وزارتی سطح کے مذاکرات منعقد ہوتے ہیں۔








