اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ناروے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ا س واقعہ کو او آئی سی اور یورپی یونین میں بھرپور طریقے اٹھایا …
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ناروے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ا س واقعہ کو او آئی سی اور یورپی یونین میں بھرپور طریقے اٹھایا جائے گا، ایسے واقعات مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث بنتے ہیں، اسلام فوبیا کے ساتھ جڑا بیانیہ دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہے،، وزیراعظم نے معاشی بہتری اور بجٹ خسارے، حسابات جاریہ اور تجارتی خسارے میں کمی کے اقدامات پر معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، کور کمیٹی نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کا مکمل اختیار دیا، کور کمیٹی نے نادان اور بے روزگار اپوزیشن کی طرف سے میڈیا پر تحریک انصاف کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کے بیانیہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کے لئے میڈیا کا پلیٹ فارم استعمال کیا جا رہا ہے، پاکستان تحریک انصاف تارکین وطن کی طرف سے ملنے والی اعانت کا جواب قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جمع کرا چکی ہے اور کور کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے دیگر جماعتوںکے خلاف تحریک انصاف کی درخواستوں کو بھی یکجا کر کے تحقیقات کرائی جائیں۔ اتوار کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں سب سے پہلے ناروے میں افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے واقعات مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث بنتے ہیں، اسلام فوبیا کے ساتھ جڑا بیانیہ دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ او آئی سی اور یورپی یونین میں افسوسناک واقعہ کوبھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا اور حکومت پاکستان اور 22کروڑ عوام کی طرف سے مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی۔ اس حوالے سے فیصلہ ہوا کہ دفتر خارجہ متعلقہ پلیٹ فارم کے ذریعے یہ قرارداد او آئی سی کے (آج) پیر کو جدہ میں ہونے والے اجلاس کے دوران پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی نے معیشت کی بہتری کے لئے کاوشوں کو سراہا ہے اور کور کمیٹی نے معاشی بہتری پر وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے معاشی اشاریوں میں بہتری پر معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے اور اس وقت ملک کو درپیش دو بڑے چیلنجز مہنگائی اور بے روزگار ی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے اور معاشی اشاریے میں بہتری کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کے لئے صوبوں کے ساتھ ایک موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے مواقع سمیت مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، اجلاس میں قلیل اور طویل المدتی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بے روزگار اپوزیشن میڈیا کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر ہرزہ سرائی میں مصروف ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے آئینی کردار سے متعلق اپوزیشن کے بیانیے پر بھی کمیٹی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اپوزیشن ایسا بیانیہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے قانونی لائحہ عمل بنا کر عوام اور میڈیا کو اعتماد میں لیا جائے گا، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں بیرون مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ملنے والی فنڈنگ کے حوالے سے تمام آئینی و قانونی جواب جمع کرا چکی ہے اور تحریک انصاف کا دامن صاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپوزیشن جماعتوں کے خلاف ہماری جماعت کے الزامات کی درخواستیں بھی سنے، ایک جماعت کو ٹارگٹ کر کے الیکشن کمیشن کے وقار کو خراب کیا جا رہا ہے جس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ڈونرز اور ارکان کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف تمام قانونی تقاضے پورے کر رہی ہے اور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر فارن فنڈنگ کے حوالے سے غلط تشریح بیان کر کے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے جبکہ فارن فنڈنگ دیگر ممالک اور حکومتوں کی طرف سے دئیے جانے والے فنڈ کو کہا جاتا ہے اور پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے دئیے جانے والے عطیات اس زمرے میں نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی پہلی حکومت ہے جس پر اپوزیشن کرپشن کا کوئی واضح الزام نہیں لگا سکتی اور اس طرح کے ہتھکنڈوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ کور کمیٹی نے وزیراعظم عمران خان کی ذات پر میڈیا پر کی جانے والی تنقید کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہاکہ اپوزیشن کے اراکین اپنی چوریاں چھپانے اور بدعنوانی سے توجہ ہٹانے کیلئے میڈیا کو قابو میں کیے ہوئے ہیں۔ کور کمیٹی اجلاس میں مہنگائی اور دیگر ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا، صوبائی حکومتیں وفاق سے مل کر میڈیا کمیونی کیشن کو موثر بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میگا منصوبوں میں ہونے والی کامیابیوں سے عوام کو آگاہ کریں گے، گورننگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ترجیحات کا ازسرنو تعین کیا گیا ہے اور وزیراعظم کو اختیار دیا گیا ہے کہ گڈگورننس اور عوامی مفادات میں تمام حکمت عملیوں کو فی الفور نافذ العمل کرائیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی کی تنظیم نو ہنگامی بنیادوں پر کرنے اور ورکروں کے تحفظات کی صورت میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں پر مشتمل جائزہ کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایسا ادارہ ہے جس کو با اختیار بنانا پاکستان تحریک انصاف کا عزم اور وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جس پر اپوزیشن نے ڈیڑھ سال تک تنقید کی اور یہ کہہ رہے تھے کہ انتخابات صاف شفاف نہیں ہوئے، ہر جگہ پر اپوزیشن کی طرف سے ایک ہی بات سامنے آ رہی تھی کہ الیکشن صاف و شفاف نہیں ہوئے، اچانک راتوں رات اپوزیشن ایشو بنا کر الیکشن کمیشن کے پاس پہنچتی ہے۔ اپوزیشن یہ کہہ رہی ہے کہ اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن کی دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ افراد آتے رہتے ہیں ادارے، عوام اس کے وارث اور مالک ہیں، کسی کو اتنی جلدی کیوں ہے، ہمارا موقف ہے کہ تحریک انصاف کی دیگر جماعتوں کے خلاف درخواستوں کو بھی سنا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور آج کے اجلاس میں بھی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ملک میں انصاف اور قانون کا بول بالا ہونا چاہیے۔








