معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا بلاول بھٹو کی میڈیا ٹاک پر ردعمل کا اظہار

اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول آئی ایم ایف کے بارے میں پریشان نہ ہوں، سندھ حکومت کی مالی بے ضابطگیوں اور صوبائی خزانہ پر ڈاکہ زنی کا جواب دیں، لانچوں اور گھروں سے جو پیسہ برآمد ہوا وہ قوم کا پیسہ ہے، اسے واپس کرنا ہو گا، بھٹو کا وارث …

اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول آئی ایم ایف کے بارے میں پریشان نہ ہوں، سندھ حکومت کی مالی بے ضابطگیوں اور صوبائی خزانہ پر ڈاکہ زنی کا جواب دیں، لانچوں اور گھروں سے جو پیسہ برآمد ہوا وہ قوم کا پیسہ ہے، اسے واپس کرنا ہو گا، بھٹو کا وارث بننے کےلئے آپ کو کرپشن سے ناطہ توڑنا ہو گا۔ بدھ کو بلاول بھٹو کی میڈیا ٹاک پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول اندرون سندھ میں ایڈز سے متاثرہ سسکتے افراد اور خاندانوں کو تسلی دینے کیوں نہیں گئے؟۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاق کی جانب سے دیئے گئے اربوں روپے ہضم کرکے ڈکار تک نہ لینے والے وفاق سے کس بات کا گلہ کر رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو دھوکہ دینے کی تاک میں رہتی ہیں، جس کا پہلے داو لگ جائے دوسرا روتا رہتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اعلیٰ اداروں میں خدمات سر انجام دینے والے قابل اور ذہین پاکستانیوں پر اپنے ملک کے دروازے بند نہیں کر سکتے، عمران خان کے نئے پاکستان میں صلاحیتوں کی قد رکی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول جواب دیں کہ ان کا اور ایان علی کا مشترکہ اکاﺅنٹ کیا حسن اتفاق ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ بےدردی سے قوم کو لوٹنے والے آج مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ انہوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کےلئے بھوک، بیماری اور بیروزگاری کو سندھ کے عوام پر مسلط کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوجوان نسل سے تعلق ہونے کے ناطے قوم کو آپ سے نئی سوچ کی توقع تھی مگر افسوس کہ آپ نے خود کو کرپشن کے دفاع پر مامور کر لیا۔

Leave a Reply