مقامی عازمین کے لیے رواں سال حج پیکیج 30 فیصد سستے ہیں، سعودی نائب وزیر حج

ریاض۔ 29جون (اے پی پی):سعودی عرب کے نائب وزیر حج ڈاکٹرعبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ مقامی عازمین کے لیے رواں سال حج پیکیج تقریبا 30 فیصد سستے ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ وزارت نے حج پیکیج کم کرنے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی ہے اور اپنے پورٹل پر حج پیکیج کے نرخ جاری کیے جس سےبڑی حد تک مقامی عازمین کے لیے حج پیکیج …

ریاض۔ 29جون (اے پی پی):سعودی عرب کے نائب وزیر حج ڈاکٹرعبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ مقامی عازمین کے لیے رواں سال حج پیکیج تقریبا 30 فیصد سستے ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ وزارت نے حج پیکیج کم کرنے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی ہے اور اپنے پورٹل پر حج پیکیج کے نرخ جاری کیے جس سےبڑی حد تک مقامی عازمین کے لیے حج پیکیج سستے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت حج و عمرہ کی حکمت عملی یہ ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ موقع دیا جائے، تاہم وزارت یہ بھی چاہتی ہے کہ پرائیویٹ کمپنیاں زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر کام کریں۔سعودی نائب وزیر حج نے کہا کہ وزارت درمیانے درجے کے کاروباری اداروں پر بڑا انحصار کررہی ہے۔

حج امور سے متعلق نت نئے تجربات کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، ورکشاپس اور فورمز کے ذریعے ان کی تشہیر کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے اندرون مملکت سے حج کے لیے جانے والے سعودی شہری اور مقیم غیرملکیوں کے لیے تین پیکیجز مقرر کیے گئے تھے جن میں منی ٹاورز، ضیافیہ ون اور ضیافہ ٹو شامل ہیں۔

منی ٹاورز کا پیکیج 14 ہزار737 ریال تھا جس میں 794 ریال کمی کے بعد 13 ہزار 943 ریال کردیا گیاجبکہ ضیافہ ون پیکیج کی قیمت 13 ہزار ریال تھی جسے کم کرکے 11 ہزار 970 ریال کیا گیا۔ ضیافہ ٹو کو پیکج 10 ہزار 238 ریال سے کم کرکے 9 ہزار 98 ریال کیا گیا تھا۔