کوالالمپور22دسمبر (اے پی پی):ملائیشیا میں بدترین سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی۔ چینی ذرائع ابلاغ نے ریاستی خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ ملائیشیا میں کئی روز سے جاری موسلادھار بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی،سیلاب سے ندی نالوں میں طغیانی سے گھروں میں پانی بھر گیا، شاہراہوں پر آمدورفت کا سلسلہ منقطع اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ ہزاروں لوگوں کو …
ملائیشیا میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہو گئی،متعدد لاپتہ

مزید خبریں
کوالالمپور22دسمبر (اے پی پی):ملائیشیا میں بدترین سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی۔ چینی ذرائع ابلاغ نے ریاستی خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ ملائیشیا میں کئی روز سے جاری موسلادھار بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی،سیلاب سے ندی نالوں میں طغیانی سے گھروں میں پانی بھر گیا،
شاہراہوں پر آمدورفت کا سلسلہ منقطع اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ ہزاروں لوگوں کو ریسکیو ٹیموں نے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے ۔ ملائیشیا کی سب سے زیادہ گنجان آباد اور امیر ترین ریاست سلنگور سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سے ایک ہے۔ریاست سلنگور کے دارالحکومت شاہ عالم میں بہت سے شہری اپنے گھروں میں گزشتہ کئی دنوں سے پھنسے ہوئے ہیں جن کو نکالنے اور ان تک خوراک کی رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
شاہ عالم کے ایک شہری چن یونگ نے کہا کہ ہم نے سیلاب کی وجہ سے اپنا گھر،اپنی کاریں اور دیگر قیمتی سازوسامان سب کچھ کھو دیا ہے۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ افراد کی مدد کرے۔ خبررساں ادرے کے مطابق مرنے والوں کی تعداد سیلنگور میں 20 اور مشرقی ریاست پہانگ میں 7 تک پہنچ گئی جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں ۔
اپوزیشن لیڈر انور ابراہیم نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے۔ وزیر اعظم اسماعیل صابری یعقوب نے کہا ہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سیلنگور اور پہانگ سے تقریبا 65 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ کئی افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ملک ہر سال مون سون کے موسم میں (نومبر تا فروری ) سیلاب کا شکار ہوتا ہے لیکن رواں سال کا سیلاب 2014 کے بعد سب سے زیادہ طاقتور ہے۔








