ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پانچویں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020ء کے 25 ویں میچ میں بدھ کو نبرد آزما ہونگی

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری پانچویں پاکستان سپر لیگ میں بدھ کو مزید ایک میچ کھیلا جائیگا جس ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں پنجہ آزما ہونگی۔ یہ میچ رات سات بجے شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020ء کا میلہ ملک بھر میں زور و شور سے جاری ہے جس میں شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ لیگ کا 25واں میچ بدھ کو ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیموں کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ کوwئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کو سونپی گئی ہے۔ ملتان سلطان کی ٹیم لیگ میں سب سے زیادہ 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ لیگ میں شامل 6 ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں، لیگ میں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کے راولپنڈی اور ملتان میں میچز کھیلے جا چکے ہیں جبکہ لاہور میں 14 اور کراچی میں 9 میچز کھیلے جانے ہیں جو جاری ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔