پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)نے ملک میں ہاکی کے سنہری دور کی واپسی اور نچلی سطح پر کھیل کے فروغ کے لیے "قومی انڈر-15 سکولز ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام” شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ صوبائی حکومتوں، ڈویژنل کمشنرز، صوبائی سپورٹس ڈیپارٹمنٹس، محکمہ تعلیم، صوبائی سپورٹس بورڈز، ضلعی انتظامیہ اور الحاق شدہ ہاکی ایسوسی ایشنز کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں "قومی انڈر-15 سکولز ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام” شروع کرنے کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔19جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)نے ملک میں ہاکی کے سنہری دور کی واپسی اور نچلی سطح پر کھیل کے فروغ کے لیے "قومی انڈر-15 سکولز ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام” شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ صوبائی حکومتوں، ڈویژنل کمشنرز، صوبائی سپورٹس ڈیپارٹمنٹس، محکمہ تعلیم، صوبائی سپورٹس بورڈز، ضلعی انتظامیہ اور الحاق شدہ ہاکی ایسوسی ایشنز کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے۔ پی ایچ ایف کے مطابق اس تاریخی منصوبے کا باقاعدہ آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں صوبائی حکومتوں، سپورٹس بورڈز، ڈویژنل انتظامیہ اور مقامی ہاکی ایسوسی ایشنز کی نگرانی میں منتخب بوائز اینڈ گرلز کھلاڑیوں کی سکول ٹیموں میں ہاکی کٹس تقسیم کی جائیں گی۔ پی ایچ ایف نے آئندہ دو ماہ کے دوران ملک بھر کے600 سکولوں کو ہاکی کٹس فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جو سکول ہاکی کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ ہاکی کٹس کی فراہمی کے بعد منتخب سکول ٹیموں کو کوالیفائیڈ کوچز کی نگرانی میں30 روزہ خصوصی تربیتی کیمپوں میں ٹریننگ دی جائے گی۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد یہ ٹیمیں ضلعی اور صوبائی سطح کے مقابلوں میں شرکت کریں گی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے سکول پرنسپلز کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ طلبہ کو اس پروگرام میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی ترغیب دیں اور ہاکی کو سکولوں میں ایک مسابقتی کھیل کے طور پر فروغ دیں۔ پی ایچ ایف رواں سال کے اختتام پر "نیشنل انڈر-15 اسکولز ہاکی چیمپئن شپ” کے انعقاد کا بھی منصوبہ رکھتی ہے، جس میں صوبائی سطح پر کامیاب ہونے والی بہترین سکول ٹیمیں ٹرافی اور نقد انعامات کے حصول کے لیے مقابلہ کریں گی۔ چیمپئن ٹیم کو 30 لاکھ روپے، رنرز اپ ٹیم کو20 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ پی ایچ ایف کے حکام کے مطابق یہ چیمپئن شپ پاکستان ہاکی کے مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ٹورنامنٹ کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرکے پاکستان نیشنل انڈر-15 ہاکی ٹیم تشکیل دی جائے گی، جسے جدید معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ ٹیم آئندہ دو سال تک بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی، جس سے سکول ہاکی سے قومی ٹیم تک کھلاڑیوں کی تیاری کا ایک مضبوط اور مستقل نظام قائم ہوگا۔







