ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کافیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہے، اس کا احترام کیاجانا چاہیے، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سیدخورشیداحمد شاہ نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کافیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہے، اس کا احترام کیاجانا چاہیے، ملک کےدشمنوں سے پیسہ لے کر عوام کو دھوکادینا ظلم ہے، پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، عمران خان الزامات کی بھرمارکر کے معاملات کو متنازع بنانے کی کوشش کرتا ہے، امید ہے کہ ادارے آئین اور قانون سے بالا تر ہو کسی کو فائدہ نہیں پہنچائیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیدخورشیدشاہ نے کہاکہ ممنوعہ فنڈنگ کیس 8 سال تک زیر التوارہا ۔

الیکشن کمیشن نے الزام تراشی کے باوجود جو فیصلہ دیا ہے وہ خوش آئند ہے ۔ عمران خان الزامات کی بھر مارکر معاملات کو متنازع بنانے کی کوشش کرتاہے ۔ پنجاب میں انتخابات میں انہیں خوف تھا اس لئے الزام تراشی پہلے ہی شروع کر دی کہ اگر ہار گیا تودھاندلی کاالزام لگادوں گا۔چیف الیکشن کمشنر کانام بھی انہوں نے خود تجویزکیاتھا۔ بعد میں ان کے خلاف ہو گئے۔

الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہواہے جس کا احترام کیاجاناچاہیے۔ سیاست دانوں کو عوام کے سامنےجھوٹ نہیں سچ بولناچاہیے۔عمران خان نے 8 سال تک قوم کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں سے بھی جھوٹ بولا ۔ ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہو گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے خلاف کیس پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ(ن) ، جے یوآئی ف ، اے این پی یادیگر جماعتوں نے نہیں پی ٹی آئی کے اپنے فنانس سیکرٹری نے کیا تھا۔ بھارت اور یہودیوں سے اقتدارکے لئے پی ٹی آئی نے پیسے لئے، قوم کواس کاسوچنا چاہیے۔ ملک دشمنوں سے پیسے لے کر عوام کو دھوکادیناظلم ہے۔ ہماری پارٹی کے معاملات کی بھی بیشک تحقیقات کریں۔ ہم بھاگے ہیں نہ بھاگیں گے۔

آئینی اداروں اور کابینہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین اور قانو ن کے مطابق فیصلہ کریں۔ پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا۔ امید ہے کہ ہمارےادارےآئین اور قانون سے بالا تر ہو کر کسی کوفائدہ نہیں پہنچائیں گے۔