موجودہ سلیکشن کمیٹی بااختیار ہے اور میرٹ کی بنیاد پر اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی، ترجمان پی ایچ ایف

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعوی کیا گیا تھا

لاہور۔19جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعوی کیا گیا تھا کہ فیڈریشن نے موجودہ سلیکشن کمیٹی کو ختم کرکے تمام اختیارات کوچز کے سپرد کر دئیے ہیں۔ فیڈریشن کے مطابق موجودہ سلیکشن کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے اور میرٹ کی بنیاد پر اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔ ترجمان پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ صدر محی الدین احمد وانی کی کاوشوں سے بین الاقوامی کوچنگ پینل پاکستان میں موجود ہے، جو جدید جی پی ایس سسٹم کے ذریعے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے۔ کوچنگ پینل کی جانب سے تیار کی جانے والی رپورٹس باقاعدگی سے سلیکشن کمیٹی کو فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل کو مزید شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔ اعلامیے کے مطابق ہاکی لیجنڈز پر مشتمل سلیکشن کمیٹی ان رپورٹس اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں میرٹ پر قومی ٹیم کا انتخاب کرے گی، جبکہ حتمی اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آفیشل پلیٹ فارم سے کیا جائے گا۔ فیڈریشن نے واضح کیا کہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل یا ختم نہیں کیا گیا بلکہ سلیکشن کے نظام کو جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ پی ایچ ایف کے مطابق اس اقدام کا مقصد سلیکشن کمیٹی کو کمزور کرنا نہیں بلکہ اسے مزید مضبوط، موثر اور فعال بنانا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بین الاقوامی کوچز کو کھلاڑیوں کے انتخاب کا مکمل اختیار نہیں دیا جا رہا۔ ان کا کردار صرف سلیکشن کمیٹی کو تکنیکی معاونت اور مشاورت فراہم کرنے تک محدود ہوگا، جبکہ قومی ٹیم کے انتخاب کا حتمی اختیار بدستور سلیکشن کمیٹی کے پاس ہی رہے گا۔