موزوں موسمی حالات اور زرعی مداخل کی بروقت فراہمی کے نتیجہ میں رواں سال پاکستان کی گندم کی پیداوار 25.2 ملین ٹن رہنے کی توقع

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اے پی پی) موزوں موسمی حالات اور زرعی مداخل کی بروقت فراہمی کے نتیجہ میں رواں سال پاکستان کی گندم کی پیداوار 25.2 ملین ٹن رہنے کی توقع ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ٹڈی دل کے حالیہ حملوں کے باعث سندھ اور پنجاب میں زیادہ گندم پیدا کرنے والے علاقوں میں گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے۔ رواں سال کے ربیع سیزن کیلئے حکومت نے گندم کا 27.03 نلین ٹن کا ہدف مقرر کیا ہے تاہم ایف اے او کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گندم کی پیداوار ہدف سے کم یعنی 25.2 ملین ٹن رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ سال ناموزوں موسمی حالات کے باعث پاکستان میں 1.5 ملین ٹن گندم کی پیداوار ضائع ہو گئی تھی۔