موسم گرماکی سبزیوں سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی ہدایت ، بھنڈی اور جنتر کی کاشت کا مشورہ

موسم گرماکی سبزیوں سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی ہدایت ، بھنڈی اور جنتر کی کاشت کا مشورہ

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت نے کریلے اورموسم گرماکی دیگر سبزیوں سبزمرچ‘ گھیاتوری‘ گھیاکدووغیرہ سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے سبزیوں کے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ موسم گرماکی سبزیوں کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے گوڈی کے ذریعے جڑی بوٹیاں تلف کرنے کیلئے اقدامات کریں۔

انہوں نے”اے پی پی“کوبتایا کہ آخری گوڈی کے وقت پودوں کے ساتھ مٹی چڑھائی جائے اور موسم گرماکی سبزیوں کی صحتمندفصل حاصل کرنے کیلئے 8سے10دن کے وقفہ سے آبپاشی کو بھی یقینی بنایاجائے، ہفتہ میں 2مرتبہ سبزیوں کی پیسٹ سکاؤٹنگ سے بھی انتہائی مفید نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔

ترجمان محکمہ زراعت نے جنترکے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جنتر کی کاشت کیلئے درمیانی قسم کی زمین کا انتخاب کریں جنترکی فصل کی بہترپیداوار کے حصول کیلئے ایک بوری ڈی اے پی کھاد فی ایکڑ استعمال کریں چار ہ سبزکھادکیلئے کاشت کی جانیوالی جنترکی فصل کیلئے 20تا 25کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں،جنترکی کاشت کیلئے درمیانی قسم کی زمین کا انتخاب کریں اور فصل کاشت رواں ماہ اگست کے دوران فوری مکمل کرلی جائے البتہ مون سون کی بارشوں کے دران کاشتہ فصل کی بڑھوتری اچھی ہوتی ہے اورجنترکی فصل کیلئے بارشوں کا موسم انتہائی موزوں ہے کہ وہ جنتر کی کاشت کیلئے درمیانی قسم کی زمین کاانتخاب کریں۔

محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ بھنڈی کی کاشت کیلئے گرم مرطوب آب وہوا کی ضرورت ہوتی ہے تاہم یہ فصل کہرکے اثرات کو برداشت نہیں کرسکتی، فروری و مارچ میں کاشتہ فصل اگست و ستمبر میں پھل دیتی ہے جبکہ جون و جولائی میں کاشتہ فصل اکتوبر نومبر تک پیداوار دینے کے قابل ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھنڈی کی منظور شدہ قسم سبزی پری ہے جس کی بوائی کیلئے اچھی اگاؤ والا 10 سے 12 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کیاجاسکتاہے تاہم بیج کی فصل کا شت کرنے کیلئے بھنڈی کا 6کلوگرام بیج فی ایکڑ ہی کافی ہے،بھنڈی کی فصل 20 سے 30ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر بہترین اگاؤ اور بڑھوتری فراہم کرتی ہے، بھنڈی توری کو ہر قسم کی زمین میں کاشت کیا جاسکتا ہے البتہ زرخیز میرا اور پانی کے بہتر نکاس والی زمین جسکی تیزابی خاصیت6 سے 6.8 ہو بہترین پیداوار کیلئے موزوں ہے۔