مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈیرہ غازی خان میں ہائی الرٹ، ضلعی انتظامیہ نے شہری و دیہی علاقوں کی نگرانی شروع کر دی

مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کی خود نگرانی شروع کر دی اور متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈیرہ غازی خان ۔ 13 جولائی (اے پی پی):مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کی خود نگرانی شروع کر دی۔

ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم میں موجود رہ کر بارشوں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی، بعد ازاں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملک جواد کلیم، اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے واسا، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی فوری نکالا جائے اور تمام مشینری و عملہ فیلڈ میں متحرک رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاوہ ازیں، کوہِ سلیمان، سخی سرور، راکھی گاج اور دیگر قبائلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے حفاظتی اقدامات، نکاسی آب اور امدادی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہے۔انہوں نے شہریوں، بالخصوص قبائلی اور پہاڑی علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی کہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں،برساتی ندی نالوں، رودکوہی گزرگاہوں اور سیلابی ریلوں کو ہرگز عبور کرنے کی کوشش نہ کریں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ڈپٹی کمشنر نے بارڈر ملٹری پولیس، بلوچ لیویز فورس، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو حساس مقامات، رودکوہی گزرگاہوں اور اہم روٹس پر الرٹ رہنے اور عملہ تعینات رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں کے دوران مکمل طور پر متحرک ہے۔ تمام متعلقہ محکمے فیلڈ میں موجود ہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، نکاسی آب کے مؤثر انتظامات اور ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔