مون سون سیزن کے پیش نظر راولپنڈی کے شہریوں کی متعلقہ اداروں سے شہر کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لئے بروقت اقدامات کی اپیل

مون سون سیزن کے پیش نظر راولپنڈی کے شہریوں نے متعلقہ اداروں سے شہر کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لئے بروقت اقدامات کی اپیل کی ہے

راولپنڈی۔19جولائی (اے پی پی):مون سون سیزن کے پیش نظر راولپنڈی کے شہریوں نے متعلقہ اداروں سے شہر کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لئے بروقت اقدامات کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بوسیدہ زیر زمین پائپ لائنوں کی مرحلہ وار تبدیلی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور پیشگی حفاظتی انتظامات سے بارشوں کے دوران عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور شہری مسائل میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے شہری محمد اختر نے کہا کہ مختلف علاقوں میں سیوریج اور واٹر سپلائی کی متعدد پائپ لائنیں طویل عرصے سے استعمال میں ہونے کے باعث بوسیدہ ہو چکی ہیں، بعض مقامات پر پائپ لائنوں سے رساؤ کے باعث پینے کے پانی کے آلودہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے جس سے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ ایک اور شہری عبدالرحمان نے بتایا کہ بند نالیاں اور پرانا سیوریج نظام شدید بارشوں کے دوران سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے کا سبب بنتا ہے جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت سمیت مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے عروج سے قبل حساس مقامات پر پائپ لائنوں کا معائنہ، نالوں کی صفائی اور خراب سیوریج لائنوں کی بروقت تبدیلی ضروری ہے۔ شہریوں نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شہر کے سیوریج نیٹ ورک کا جامع سروے کیا جائے، بوسیدہ پائپ لائنوں کی مرحلہ وار تبدیلی عمل میں لائی جائے اور بارش کے پانی کی بلا رکاوٹ نکاسی کے ساتھ صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اقدامات سے نہ صرف عوامی صحت کا بہتر تحفظ ممکن ہو گا بلکہ مون سون کے دوران شہری زندگی پر مرتب ہونے والے منفی اثرات میں بھی نمایاں کمی لائی جا سکے گی۔