پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے کہا ہے کہ فرانس پلٹ خاتون سے موٹروے زیادتی کیس میں پراسیکیوشن کی بھرپور اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں نہ صرف ٹرائل کورٹ بلکہ لاہور ہائیکورٹ سے بھی مجرمان عابد ملہی اور شفقت بگا کی سزائیں برقرار رکھی گئیں
موٹروے زیادتی کیس میں مجرمان کی سزائیں برقرار،انصاف کی فراہمی یقینی بنائی گئی، پراسکیوٹر جنرل پنجاب

مزید خبریں
لاہور۔4جون (اے پی پی):پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے کہا ہے کہ فرانس پلٹ خاتون سے موٹروے زیادتی کیس میں پراسیکیوشن کی بھرپور اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں نہ صرف ٹرائل کورٹ بلکہ لاہور ہائیکورٹ سے بھی مجرمان عابد ملہی اور شفقت بگا کی سزائیں برقرار رکھی گئیں، جس سے انصاف کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ جمعرات کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ موٹروے پر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، یہ واقعہ دنیا بھر میں نمایاں طور پر اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا ریاستی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔ سید فرہاد علی شاہ نے بتایا کہ واقعے کے بعد ایک شہری کی ون فائیو کال پر پولیس فوری طور پر متحرک ہوئی۔
متاثرہ خاتون کی جانب سے ملزمان کے حلیے بتائے جانے پر فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم عابد ملہی کا ڈی این اے موقع سے حاصل ہونے والے شواہد سے میچ کر گیا تھا، جبکہ دوسرے ملزم کو کال ڈیٹا ریکارڈ کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس مقدمے میں پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کا کردار انتہائی اہم رہا۔ انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن نے ہائیکورٹ میں بھی بھرپور انداز میں مقدمے کی پیروی کی جس کے نتیجے میں مجرمان کی سزائیں برقرار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدمے کے فیصلے نے یہ پیغام دیا ہے کہ خواتین کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بطور شہری معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔








