وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے سابق چیئرمین اور ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر پرویز بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا ڈاکٹر پرویز بٹ کے انتقال پر اظہار افسوس

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے سابق چیئرمین اور ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر پرویز بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر پرویز بٹ نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام، سائنسی تحقیق اور قومی اداروں کی ترقی میں گراں قدر خدمات انجام دیں، انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، دوراندیش قیادت اور قومی خدمت کے جذبے سے ملک کے دفاعی اور سائنسی شعبے کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں جنہیں ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر پرویز بٹ کی خدمات پاکستان کی سائنسی اور تزویراتی صلاحیت کو مستحکم بنانے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، ان کا انتقال نہ صرف سائنسی برادری بلکہ پورے ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔وفاقی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان، عزیز و اقارب اور تمام اہل وطن کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین








